سرینگر // ریاست کے تینوں خطوں کل ضلع صدر مقامات پراساتذہ نے احتجاجی ریلیاں نکالیں اور ایس ایس اے اساتذہ اور ہیڈ ٹیچرز کو ساتویں پے کمیشن کی فوری واگذاری اور اُن کے تنخواہوں کو سٹیٹ سیکٹر کے ساتھ جوڑنے کا مطالبہ کیا ۔ ٹیچرس فورم ورہبر تعلیم ٹیچرس فورم کی مشترکہ کمیٹی ’’ ٹیچرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی‘‘ کے بینر تلے اساتذہ نے ریاست گیر احتجاج کیا جس کی وجہ سے ریاست بھر میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہو کر رہ گئیں ۔وادی میں اساتذہ کی سب سے بڑی ریلی لالچوک سرینگر میں نکالی گئی اور ڈویژنل کشمیرکو ایک یاداشت پیش کی گئی۔احتجاجی مظاہروں میں اُساتذہ نے اپنے جائیز مطالبات کو حل کرنے کیلئے زبردست نعرہ بازی کی اور سرکار پر واضح کر دیا کہ اگر سرکار نے فوری طور SSAاور ہیڈٹیچرز کے مسلے کو حل نہ کیا تواحتجاجی پروگرام میں شدت لائی جائے گی۔ٹیچرز فورم کے سربراہ عبدالقیوم وانی نے کہا کہ سرکار کو بلا کسی تاخیر کے SSAاور ہیڈ ٹیچرز پراساتویں تنخواہ کمیشن کو لا گو کرنا چاہے اور سیلری کو سٹیٹ سیکٹر کے ساتھ جوڑ کر اس دیرنہ مسلے کو حل کرنا چاہئے ورنہ اُساتذہ اپنی جد وجہد میں شدت لائیں گے۔وانی نے کہا کہ SSAاساتذہ کو ساتویں پے کمیشن نہ دینا ایک غیر قانونی اور دوہرا معیارہے جسکو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس حساس معاملے میں ذاتی دلچسپی دیکر اس مسلئے کو بروقت حل کرنے کے لئے احکامات صادر کریں اور اُساتذہ کو سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور نہ کریں۔وانی نے آئیندہ حکمت عملی طے کرنے کے لئے 10جون کو مرکزی دفتر پر ٹیچرز فورم۔ رہبر تعلیم ٹیچرز فورم اور SSAٹیچرز ایسو سی ایشن کے مشترکہ اتحاد ٹیچر جوائنٹ ایکشن کمیٹی (TJAC) کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ۔کپوارہ سے نمائندے اشرف چراغ نے اطلاع دی کہ ٹیچرس فورم کپوارہ کی قیادت میں اساتذہ نے ایک جلوس نکالا اور ایس ایس اے اساتذہ کی تنخواہوں کی ماہ ہانہ واگزار کرنے کا مطالبہ کیا ۔ ٹیچرس فورم کے ضلعی صدر محمد امین خان کی قیادت میں اساتذہ نے جلوس نکالا جو بائی پاس سڑک سے گزرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ کے دفتر کے باہر اختتام کو پہنچ گیا ۔گاندربل سے ارشاد احمد نے اطلاع دی کہ ٹیچرس فورم کی طرف سے مرکزی عید گاہ گاندربل میں اساتذہ نے احتجاجی مظاہرے کئے۔ضلع صدرمحمد اشرف وانی کی قیادت میں شامل مظاہرین نے واضح کیا کہ SSA اساتذہ ساتویں پے کمیشن کا حق رکھتے ہیں ان کی تنخواہیں ساتویں پے کمیشن کے حساب سے واگزار کیا جانا چاہئے ۔اس موقع پر عید گاہ سے لیکر منی سیکٹریٹ تک احتجاجی جلوس نکال کر ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کو یادداشت پیش کی گئی۔عازم جان کے مطابق بانڈی پورہ گلشن چوک میں زن ومرد رہبر تعلیم اساتذہ اور جنرل لائن اساتذہ نے ریلی نکالی اور گلشن چوک میں جلسہ عام کی صورت اختیار کرنے کے بعدضلع صدر پیرزادہ محمد شریف اور دیگر زعماء نے خطاب کرتے ہوئے رہبر تعلیم اساتذہ کے درپیش مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے ریاستی حکومت پر زوردیاکہ رہبر تعلیم اساتذہ اور اساتذہ کے مسائل کو فوری طور پر ازالہ کریں ۔ملک عبدالسلام نے اطلاع دی کہ اننت ناگ میںسروسکشا ابھییان اسکیم کے تحت تعینات اساتذہ کی ایک بڑی تعداد نے ا سپورٹس اسٹیڈیم سے ڈی سی آفس تک احتجاجی ریلی نکالی اور سرکار سے اُن کی کئی ماہ کی رکی پڑی تنخواہوں کو فی الفور واگزار کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر مطالبات کے ازالہ کا بھی مطالبہ کیا۔ بعد میں اساتذہ کے نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر کو ایک میمورنڈم بھی پیش کیا۔