سرینگر//بھاجپاترجمان اورچیئرپرسن وقف ڈیولپمنٹ کمیٹی (وزارت اقلیتی امور) ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے ٹھیکیداروں اور تعمیراتی ایجنسیوں کی واجب الادا رقومات کی واگذاری میں دلچسپی ظاہر کرنے اور مسئلہ حل کرنے کیلئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں واجب الادا رقومات کیلئے سابق حکومتوں کی غیر منصوبہ بند ی کو ذمہ دار قرار دیا۔ڈاکٹر اندرابی کے مطابق وہ ایک سال سے زیادہ عرصے سے اس معاملے کو حل کرانے کیلئے ایل جی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں تھیں۔انہوں نے کہا کہ اب ایل جی انتظامیہ نے کروڑوں روپے واجبات کی ادائیگی کے لئے مرحلہ وار طریقے پرادا کرنے کا ایک بہت بڑا فیصلہ لیا ہے جس سے جموں و کشمیر میں ترقیاتی منظرنامے کو تقویت ملے گی۔ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ ایل جی انتظامیہ نے جموں و کشمیر میں ایک انقلابی مالیاتی نظام بنایا ہے جس نے الاٹمنٹ اور بلنگ کے نظام کو ہموار کیا ہے۔ اس بروقت فیصلے سے جموں و کشمیر میں تعمیراتی شعبے کو زندگی کی نئی جہت ملے گی۔