عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وادی میں خشک موسمی صورتحال کا سلسلہ طویل ہوتا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 25 دسمبر تک گرچہ بیچ بیچ میں موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکے درجے کے برف و باراں کا امکان ہے تاہم بڑے پیمانے پر موسم خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ وادی میں 11 اور 12 دسمبر کو موسم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 13 سے 17 دسمبر تک موسم جزوی سے مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ شمالی اور وسطی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں صبح اور شام کے وقت ہلکی برف باری کا امکان ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ 18 اور 19 دسمبر موسم جزوی سے مجموعی طور پر ابر آلود مگر خشک رہنے کی توقع ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ بعد میں 20 اور 21 دسمبر کو وادی میں کہیں کہیں شام کے وقت ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے جبکہ صوبہ جموں میں بھی کچھ مقامات پر اسی طرح کی موسمی صورتحال متوقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں 22 سے 25 دسمبر تک موسم جزوی طور پر ابر آلود مگر خشک رہ سکتا ہے ۔ محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ اس دوران کشمیر میں کئی مقامات پر درمیانی سے ہلکی دھند چھائی رہ سکتی ہے جبکہ جموں صوبے میں بھی کہیں کہیں اس طرح کی صورتحال متوقع ہے ۔حکام نے بتایا کہ سرینگر میں رات کا درجہ حرارت پچھلی رات سے ایک ڈگری گر کر بدھ کو منفی 2.9 ڈگری سیلسیس پر آ گیا۔ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں پارہ منفی 4.2 پر رہا، جب کہ جنوبی کشمیر کے کوکرناگ میں منفی 1.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.6 اورگلمرگ میں 1.5 ڈگری بڑھ کر صفر ڈگری سیلسیس پر پہنچ گیا۔عہدیداروں نے بتایا کہ پلوامہ اور شوپیان میں سب سے زیادہ سرد مقامات رہے جہاں درجہ حرارت منفی 5.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔اننت ناگ اور کولگام اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی4.3 اور منفی0.4 ریکارڈ ہوا ہے ۔ بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں بالترتیب منفی2.3 اور منفی3.5 اور بڈگام اور گاندربل اضلاع میں بالترتیب منفی4.0 اور منفی2.4 اورسونہ مرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.5 جبکہ زوجیلا پر منفی18.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ۔لداخ کے لیہہ اور کرگل اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی7.0 اور منفی6.5 جبکہ دراس میں منی9.9 ڈگری ریکارڈ ہوا ہے ۔