ڈوڈہ//کل جماعتی جماعتوں کی طرف سے ڈاک بنگلہ ٹھاٹھری میں ایک روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سیاسی و غیر سیاسی تنظیموں کے کارکنوں نے شرکت کی۔اس موقع پر بولتے ہوئے مقررین نے خطہ چناب کی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے مرکزی و ایل جی انتظامیہ سے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے وادی چناب کو علیحدہ پارلیمانی حلقہ بنانے، صوبہ و پہاڑی درجہ دینے کی بھی مانگ کی۔سیاسی و سماجی کارکنوں نے علیحدہ بنچ قائم کرنے و مکمل یونیورسٹی کے قیام پر بھی زور دیا۔مقررین نے سرکار سے خطہ چناب کی جغرافیائی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے مزید دو اسمبلی نشستیں قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے اور اسمبلی انتخابات سے قبل جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دینے کی اپیل کی۔ اجلاس کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا وہ سیاسی، ذاتی و لسانی بنیادوں سے بالاتر تر ہو کر اس جدوجہد کے لئے ایک منظم طریقے سے جدوجہد شروع کریں گے جس میں ڈوڈہ، کشتواڑ و رام بن اضلاع کے ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو شامل کریں گے۔انہوں نے وادی چناب سے تعلق رکھنے والے سبھی سیاسی و غیر سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر اس جدوجہد میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔مقررین نے کہا کہ خطہ چناب میں قدرتی وسائل کی بھرمار ہے لیکن مقامی لوگوں کو ان سے کچھ فائدہ حاصل نہیں ہوتا۔اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹھاٹھری منصور احمد بٹ، اپنی پارٹی ضلع صدر اصغر کھانڈے ،پی ڈی پی زونل صدر طالب حسین بٹ، نیشنل کانفرنس لیڈر شمیم احمد بٹ، بی ڈی سی چیئرمین درابشالہ سورج پریہار، بی ڈی سی چیئرمین گندنہ سرشاد نٹنو ،دیوان چند سابق سپورٹس آفیسر، غلام کھانڈے سرپنچ مڑواہ، چوہدری فاروق شکاری بلاک صدر کانگریس کاہرہ،پی ڈی پی لیڈر اندروال عبدالمجید بٹ، کانگریس لیڈر محمد اقبال تیلی، یوتھ این سی لیڈر اشتیاق احمد نیائک، عبدالکبیر بٹ، گلزار احمد متو این سی بلاک صدر درابشالہ نے بھی شرکت کی۔