ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے قصبہ ٹھاٹھری میں سابق بھاجپا ایم ایل سی وکرم رندھاوا کے توہین آمیز بیان پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس دوران مظاہرین نے رندھاوا کی فوری گرفتاری عمل میں لانے و ایسے فرقہ پرست و سماج دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ میونسپل کمیٹی چیئرمین منصور بٹ نے اس موقع پر بولتے ہوئے کہا کہ رندھاوا نے جو الفاظ استعمال کئے ہیں وہ ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے نام نہاد لیڈر سماج میں انتشار پھیلا کر سیاسی مفاد حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے صوبائی انتظامیہ سے وکرم رندھاوا کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس دوران مقامی لوگوں نے ایک پرامن جلوس بھی نکالا اور رندھاوا کے خلاف نعرہ بازی کی۔
مجلس شوریٰ کشتواڑ کی وکرم رندھاوا کے بیان کی مذمت
کشتواڑ//مرکزی مجلس شوریٰ ضلع کشتواڑ نے بی جے پی لیڈر کے حالیہ دئے گئے مسلم مخالف بیان پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی بس اڈہ پر جمع ہو کر احتجاجی جلسہ کیا ۔جلسہ میں رندھاوا کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ جلوس کے شرکا نے فرقہ پرستی کازہر پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا اور انتظامیہ پر الزام لگایا کہ وہ دانستہ طور مسلم طبقہ کو ہراساں کر رہے ہیں اورفرقہ پرست عناصر کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے انکی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں ۔مجلس شوریٰ نے تمام ایمہ سے گزارش کی کہ وہ جمعہ کے عظیم اجتماع میں رندھاوا کے خلاف احتجاج کریں اور انتظامیہ سے مطالبہ کریں کہ اس جرم میں ملوث فرقہ پرست کو فوراََ سے پیشتر گرفتار کیا جائے، اور اس کو بھی اسی جیل خانہ میں بند کیا جائے جہاں ہمارے نوجوان جرم بے گناہی کی سزا کاٹ رہے ہیں ۔