ٹول پلازہ بانہال میں ہلڑ بازی

بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر بانہال ٹول پلازہ پر تعینات ملازمین کی طرف سے جموں سے سرینگر جارہے ایک ٹرک ڈرائیور کی شدید مارپیٹ اور اس کے بائیں کان کے باہری حصہ کو کسی تیز دھار آلے سے کاٹنے پرپولیس نے کیس درج کیا ہے۔ضلع مجسٹریٹ رام بن نے اس واقعہ کی فوری طور پر تحقیقات کرنیکا حکم دیا ہے۔یہ واقع جمعہ علی الصبح قریب تین بجے پیش آیا ہے اور کان میں آئے شدید زخم کے درد سے کراہ رہے ٹرک ڈرائیور کا ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوا ہے۔ٹول پلازہ بانہال پر پیش آئے اس واقع کے بعد ڈرائیوروں نے جموں سرینگر شاہراہ کو بند کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا تاہم بعد میں پولیس اور ٹریفک پولیس نے معاملے کو مزید بڑھنے سے روک دیا اور مظاہرین کو کاروائی کی یقین دہانی کرائی گئی۔احتجاجی ڈرائیوروں کا الزام ہی کہ پچھلے کئی مہینے سے ٹول پلازہ بانہال پر ٹول کمپنی کے ملازمین کی طرف سے ڈرائیوروں سے مارپیٹ کے کئی واقعات رونما ہوئے ہیں لیکن ابھی تک ان کی غنڈہ گردی کو روکنے میں پولیس ناکام ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمی ٹرک ڈرائیور نزاکت علی نے ٹرک میں اْور لوڈنگ کے سامان کی اضافی رقم بھی ادا کی تھی لیکن اس کے باوجود بھی ٹول ملازمین نے اس کی مارپیٹ کرکے اپنی غنڈہ گردی کو ایکبار پھر ظاہر کیا ہے۔ایس ایچ او بانہال نعیم الحق نے کشمیر عظمیٰ کو  بتایا کہ بانہال پولیس نے مارپیٹ میں زخمی ہوئے ڈرائیور نزاکت علی ولد محمد شفیع ساکن بھلر کینٹھی ضلع ریاسی کو فوری طور پر سب ضلع ہسپتال بانہال منتقل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس نے کیس زیر نمبر 51 درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقع کے وقت ٹول پلازہ کی ڈیوٹی پرتعینات ملازمین کو طلب کیا جارہا ہے اور تحقیقات کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔ اس دوران ڈپٹی کمشنر رامب ن مسرت الاسلام نے بتایا کہ انہوں نے اس معاملے میں ایس ایس پی رام بن سے رپورٹ طلب کی ہے اور معاملے کی تحقیقات کے بعد خاطی افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔