سرینگر// واجب الادا رقومات کی فوری واگزاری کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ٹھیکیداروں نے احتجاج کرتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر انکے مطالبات کو پورا نہیں کیا گیاتو وہ سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور ہیں۔ ٹھیکیداروں نے ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے احاطے میں احتجاج کرتے ہوئے نعرہ بازی کی۔جے کے ٹی ڈی سی کنٹریکٹرس ایسو سی ایشن کے سربراہ نے کہاکہ ستمبر2014 کے تباہ کن سیلاب کے بعد کارپوریشن کے ہوٹلوں،ہٹوں اور دیگر جائیداد کی مرمت کی جس کیلئے با ضابطہ طور پر ٹینڈر بھی طلب کئے گئے تھے،تاہم3سال گزر جانے کے باوجود ابھی کروڑوں روپے کی رقم واگزار نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ بار بار یہ معاملہ کارپوریشن کی انتظامیہ کے ساتھ اٹھایاگیاتاہم بقول ان کے کاپوریشن کے افسران نے پیسوں کو انتظامی معاملات میں خرچ کیا۔ احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ انہوں نے بینکوں اور مالی اداروں سے قرضہ لیکر کام کئے۔ مظاہرین نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے بھی اس معاملے میں مداخلت کی تھی تاہم اس کے باوجودبھی واجب الادا رقومات کو واگزار نہیں کیا گیا۔انہوں نے دھمکی دی کہ اگر انکی رقومات کو واگزار نہیں کیا گیا تو وہ سڑکوں پر آکر احتجاج کریں گے۔
ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ٹھیکیداروں کا احتجاج
