دبئی/ہندوستان اس سال منعقد ہونے والے ٹی 20ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز روایتی حریف پاکستان کے خلاف 23اکتوبر کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں میچ سے کرے گا۔ جبکہ میزبان آسٹریلیا اپنے خطاب کے دفاع کی شروعات گزشتہ سال عالمی کپ فائنل میں جگہ بنانے والی نیوزی لینڈ کے خلاف ایس سی جی میں کرے گا۔ جمعہ کے روز 2022 ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے پروگرام کا اعلان کیا گیا ہے ٹورنامنٹ کی شروعات 16 اکتوبر سے ہوگی جہاں سری لنکا کا سامنا نامبیا سے جیلانگ میں ہوگا۔سپر 12کا آغاز 22اکتوبر سے سڈنی میں ہوگا۔ہندوستان اور پاکستان 23اکتوبر کو آمنے سامنے ہوں گے جو سپر 12مرحلے کا دوسرا دن ہوگاجس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہوگا۔اپنے دوسرے میچ میں روہت شرما کی کپتانی والی ہندوستانی ٹیم کا مقابلہ گروپ اے کی رنر اپ ٹیم سے ہوگا۔ ہندوستان 30 اکتوبر کو دوبارہ جنوبی افریقہ اور 2 نومبر کو بنگلہ دیش سے مقابلہ کرے گا۔ ہندوستان کا آخری میچ 6 نومبر کو گروپ بی کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔پہلا سیمی فائنل 9 نومبر کو سڈنی میں اور دوسرا سیمی فائنل 10 نومبر کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔ فائنل 13 نومبر کو ایم سی جی میں ہوگا۔سپر 12 کے گروپ ایک میں، آسٹریلیا کے ساتھ نیوزی لینڈ، انگلینڈ، افغانستان کے ساتھ گروپ اے کے کوالیفائر کے فاتح اور گروپ بی کے رنراپ ہوں گے ۔ گروپ 2 میں ہندوستان، پاکستان، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور گروپ اے کوالیفائر کے رنر اپ اور گروپ بی کے فاتح ہوں گے ۔ ٹورنامنٹ کے مقابلے ایڈیلیڈ، برسبین، جیلانگ، ہوبارٹ، میلبورن، پرتھ اور سڈنی میں کھیلے جائیں گے ۔میزبان آسٹریلیا نے گزشتہ سال دبئی میں فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ جیتا تھا۔ (یواین آئی)