کپوارہ// چوکی بل کپوارہ کی نستہ چھن گلی پر اُس وقت طلبہ اور مقامی لوگو ں نے احتجاج کیا جب وہا ں تعینات فوجی اہلکاروں نے کالج پروفیسر کے ساتھ نا شائستہ سلوک کیا ۔معلوم ہوا ہے کہ گورنمنٹ ڈگری کالج ٹنگڈار کرناہ میں زیر تعلیم طلبہ ہفتہ کو سیر کیلئے جارہے تھے اور جب وہ نستہ چھن گلی پر پہنچ گئے تو فوج نے انہیں روک ان کی گاڑیوں کی تلاشی کی ۔طلبہ نے الزام لگایا کہ تلاشی کاروائی کے دوران فوجی اہلکارو ں نے کالج کے ایک پروفیسر سے بد کلامی کی جس کے بعد ان کے درمیان گرم گفتاری ہوئی ۔طلبہ نے بتایا کہ فوج نے پروفیسر موصوف کے ساتھ ناشائستہ سلوک کیا اور اس موقعہ پر سیر کیلئے جارہے طلبہ گاڑیوں سے نیچے اتر آئے اور فوج کے خلاف زور دار احتجاجی مظاہرے کئے ۔طلبہ کے احتجاج میں وہ مسافر بھی شامل ہوئے جوکپوارہ سے کرناہ اور کرناہ سے کپوارہ کی طرف جارہے تھے ۔احتجاج میں شامل لوگو ں کا کہنا تھا کہ نستہ چھن گلی پر تلاشی کاروائی کے دوران انہیں زبرست دقتو ں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔معاملہ کے بعد پولیس وہا ں پہنچ گئی اور معاملہ کو سلجھایا ۔