مشتاق الحسن
ٹنگمرگ//حالیہ برفباری کے بعد ٹنگمرگ میں اہم سڑکوں سے برف ہٹائی گئی ہے تاہم اندرونی سڑکیں برف سے ابھی بھی ڈھکی ہوئی ہیں۔اندرونی سڑکوں سے محکمہ ار اینڈ بی اور میکینکل انجینئرنگ محکمہ کی جانب سے برف نہ ہٹانے پر عوام میں انتظامیہ کے خلاف زبردست غم و غصہ پایا جارہا ہے جبکہ بیشتر دیہات میں لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں جن کوہسپتال تک پیدل سفر طے کرنا پڑرہا ہے۔ ادھر ماگام سے ٹنگمرگ تک سڑک سے برف مکمل طور نہ ہٹانے کی وجہ سے انتظامیہ کو ہفتہ کی سہ پہر تک ٹریفک دھوبی ون کنزر ،ریرم درورو اور چندی لورہ میں روکنا پڑا جس کی وجہ سے سینکروں سیاح درماندہ ہوکے رہ گئے اورسہ پہر کو سرینگر سے گلمرگ کی طرف جارہی تمام گاڑیوں کو چین لگانے کے بعدآگے جانے کی اجازت دی گئی۔ ادھر سب ڈویژن گلمرگ میں ہنوز بجلی سپلائی ٹھپ ہے جس کی وجہ سے عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام گلمرگ ،بابا ریشی اور ٹنگمرگ کے تمام علاقہ جات میں گھپ اندھیرا چھایا ہوا ہے جبکہ بیشتر علاقوں میں پانی کے ذخائر منجمد ہونے سے پانی کی زبردست قلت پیدا ہوگئی ہے۔