ٹنگمرگ +پلوامہ+اوڑی // ٹنگمرگ میں اومپورہ بڈگام کی طرح ایک تیندوا بچے کو اٹھا کر لیا گیا لیکن لوگوں نے بچے کو زخمی حالت میں بچا لیا ۔گلاب دجی ٹنگمرگ میں بدھ کی شام تندوا نمودار ہوا اور 7سالہ بچے کو اٹھا کر لے گیا۔ تاہم مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی سے بچے کو زخمی حالت میں نزدیکی جنگل سے برآمد کیا گیا۔ تندوے نے گھر کے صحن میں سات سالہ بچہ انعام الحق ولد مظفر احمد میر پر حملہ کرکے اسے منہ میں اٹھا کر نزدیکی جنگل کی طرف لے گیا تاہم بچے کی چیخ پکار سنتے ہی مقامی لوگوں نے شور مچا کر تندواے کا پیچھاکیا اور بچے کو شدید زخمی حالت میں بچا لیا۔ ادھروسطی ضلع بڈگام کے ڈپٹی کمشنر دفتر کے احاطے میںمنگل رات دیرگئے ایک تیندوا دیکھا گیا۔ باور کیا جاتا ہے کہ یہ وہی جانور ہے جس نے گذشتہ ہفتے اْومپورہ ہاوسنگ کالونی میں ایک کمسن بچی کو اپنا شکار بنایا۔ تیندوے کو دیکھتے ہی محکمہ وائلڈلائف کے حکام کو مطلع کیا گیا۔اسکے بعد تیندوا دوبارہ نہیں دیکھا گیا ہے۔ ڈی سی آفس میں تیندوے کے پیروں کے جو نشان پائے گئے ہیں وہ اْسی جانور کے نشانات سے ملے ہیں جس نے گذشتہ ہفتے اْومپورہ میں ایک کمسن بچی کو اٹھاکر لے اپنے ساتھ لیا تھا۔ محکمہ وائلڈلائف کی ٹیم نے ماہرشکاریوں کی مددسے پانپور علاقہ میں دوسرے تیندوے کوبھی زندہ پکڑلیا۔ سوموارکی شام دیر گئے ووین پانپورمیں ایک تیندوے کوپکڑنے میں کامیابی ملنے کے بعدمنگل کی شام محکمہ کی ٹیم نے ماہرشکاریوں کیساتھ ملکر اسی علاقہ میں ایک اورتیندوے کو پکڑلیا۔محکمہ کے حکام نے بتایاکہ اس علاقہ میں دوتیندوے اوراُن کے دوبچے موجودہونے کی مقامی لوگوں نے اطلاع دی تھی ،اوردونوں تیندوئوںکوپکڑنے میں کامیابی ملی ہے ۔ادھر اوڑی سے اطلاع ہے کہ وہاں بونیار بازار، ترکانجن،نوشہرہ،ٹٹھامولہ ،احتشام پورہ ارونبوہ، رام پور کینچن، اوڑی مین ، شادرہ وغیرہ علاقوں میں لوگوں نے ریچھوں اور تیندوں کو دیکھا ہے جس کی وجہ سے علاقے کے لوگوں میں کافی دہشت پائی جا رہی ہے ۔اوڑی میں تعینات محکمہ وائلڈ لائف نے بتایا کہ اوڑی سب ڈویژن میں کل 2 ملازم تعینات ہیں جبکہ اوڑی سب ڈویژن کے کل ایک سو کے قریب دیہات ہیں۔۔وائلڈ لائف وارڈن شمالی کشمیر محمد مقبول بابا نے کشمیر عظمیٰ کوبتایا کہ ایسی شکایات شمالی کشمیر کے بیشتر علاقوں سے موصول ہو رہی ہیں تا ہم تمام وسائل کا استعمال کر کے اس کا مقابلہ کیا جا رہا ہے۔ریجنل وائلڈ لائف وارڈن کشمیر راشد نقاش نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وہ اوڑی میں وائلڈ لائف کنٹرول روم قائم کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔