ٹنگمرگ//ٹنگمرگ میں محکمہ بجلی کے احتجاج کرتے ہوئے صارفین نے ٹنگمرگ گلمرگ روڈ پر دھرنا دیا۔احتجاجی صارفین نے کٹوتی کے بغیربجلی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ صارفین نے ٹنگمرگ گلمرگ روڈ پر دھرنا دیکر محکمہ بجلی اور تحصیل انتظامیہ ٹنگمرگ کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے بتایا کہ موسم میں بہتری آنے کے باوجود محکمہ بجلی ٹنگمرگ کے صارفین کو بہتر بجلی سپلائی فراہم کرنے میں ناکام ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر دس پندرہ منٹ بعد بجلی آتی یا چلی جاتی ہے جس کی وجہ سے صارفین پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 8 برس قبل درنگ میں 10 میگا واٹ بجلی پروجیکٹ تعمیر کیا گیا تاہم اس کے باوجود ٹنگمرگ علاقے میں بجلی سپلائی میں کوئی بہتری نہیں آئی۔احتجاجی صارفین نے دھمکی دی کہ اگر کٹوتی نظام ختم نہیں کیا گیا تووہ بطور احتجاج اپنے بجلی میٹر محکمہ کو واپس کریںگے کیونکہ محکمہ بجلی میٹر والے اور بغیر میٹر والے علاقوں میں یکساں شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کررہا ہے۔اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر سب ٹرانسمیشن ٹنگمرگ بشیر احمدنے بتایا کہ10 میگا واٹ بجلی پروجیکٹ درنگ میں مرمت چل رہی ہے اور اگلے چند روز میں مرمت مکمل ہونے کے ساتھ ہی ٹنگمرگ کے صارفین کو محکمہ 20 گھنٹے بجلی فراہم کرے گا۔