ٹنگمرگ//ٹنگمرگ میں لوگوں نے محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ٹنگمرگ کے مہاین، درنگ، فیروزپورہ، تریرن، چندی لورہ، بادی پورہ،ہری اوٹنو ،مرچی پورہ، شرائے،سون،کٹہ پورہ کے صارفین نے مسلسل کٹوتی کے خلاف سب ڈویژنل مجسٹریٹ گلمرگ کے دفتر کے سامنے محکمہ بجلی کے خلاف جم کر نعرے بازی کرتے ہوئے مانگ کی کہ انہیں شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کی جائے۔ ادھر چندی لورہ میں بھی تاجروں اور لوگوں نے بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف سرینگر گلمرگ شاہراہ پر دھرنا دیا جس کی وجہ سے شاہراہ پر سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہوکررہ گئیں۔ احتجاجیوں نے الزام عائد کیاکہ ہر 5 منٹ کے بعد بجلی چلی جاتی ہے جس کی وجہ سے کڑاکے ان ایام میں لوگوں کو گونا گوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایس ڈی ایم گلمرگ نے محکمہ بجلی کے افسران کو طلب کرکے صارفین کو شیڈول کے مطابق 12 گھنٹے بجلی فراہم کرنے کی ہدایت دی۔احتجاجیوں نے محکمہ بجلی کو ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ اگر شیڈول کے مطابق متعلقہ محکمہ برقی رو فراہم کرنے میں ناکام رہا تو صارفین بجلی میٹر اور ترسیلی لائنیں ہٹا کر محکمہ کو واپس کرینگے ۔ایس ڈی ایم کی یقین دہانی پر احتجاجی لوگ پرامن طور منتشر ہوئے۔