بانہال //جموں سرینگر شاہراہ پر واقع قصبہ سے گذرنے والی شاہراہ پر اور سب ڈویژن بانہال کی دیگر رابطہ سڑکوں پر ٹریفک پولیس نے پچھلے تین روز سے خصوصی مہم شروع کر رکھی ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں ملوث گاڑی والوں کے خلاف سخت کاروائیاں کی جارہی ہیں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو اپنی عادتوں کو چھوڑ کر راہ راست پر آنے کی تلقین کی گئی ہے۔ شاہراہ پر واقع قصبہ بانہال میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران غلط پارکنگ کیلئے43چھوٹی نجی گاڑی والوں کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں جبکہ خطرناک ڈرائیونگ میں ملوث دو افراد کے خلاف پولیس کیس درج کئے گئے ہیں جبکہ تین کم عمر بچوں کی تین موٹر سائیکل کو ضبط کیا گیا اور ان کے والدین کو پولیس کے پاس طلب کیا جارہا ہے ۔ اس کے علاہ دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں148چالان کئے گئے ہیں اور تیرہ گاڑیوں کو ضبط کیا گیا ہے ۔ گزشتہ روز ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے شبیر احمد ملک بھی اس مہم کا حصہ تھے ۔ اس سلسلے میں مزید بات کرنے پر ڈپٹی سپراٹنڈنٹ پولیس ٹریفک نیشنل ہائے وے بانہال شمشیر سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پچھلے تین روز سے ٹریفک پولیس نے ٹریفک خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کے خلاف خصوصی مہم چلا رکھی ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائیاں کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر واقع قصبہ بانہال میں سڑک کے دائیں بائیں اپنی نجی گاڑیوں کو پارک کرنے والے43افراد کو نوٹس جاری کئے ہیں تاکہ وہ آئندہ سے اس خلاف ورزی سے باز آئیں ۔ انہوں نے کہ کہ سب ڈویژن بانہال میں شاہراہ پر کھڑی کی جانے والی کوئی بھی گاڑی ضبط کی جائے گی تاکہ سڑک کو صاف رکھا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے اور اس سلسلے میں نابالغ ڈرائیوروں کے والدین کے خلاف مقدمہ چلایا جائے گا اور ابھی دو بچوں کی موٹر سائیکلوں کو ضبط کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسافر گاڑیوں میں اوور لوڈنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ملوث ڈرائیوروں کے خلاف کیس درج کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز22افراد کی گنجائش والی ایک منی بس میں چالیس کے قریب مسافر سوار تھے جبکہ نو مسافروں کو لیکر جانے کی اجازت والی ایک مسافر گاڑی سے چودہ افراد کو سوار کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا ان کے خلاف بھی کاروائی کی گئی ہے۔ڈی ایس پی ٹریفک شمشیر سنگھ نے مزید بتایا کہ شاہراہ اور دیگر رابطہ سڑکوں پر مسافروں سے لئے جانے والے اضافی کرایہ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور خاطی ڈرائیوروں کے خلاف مسلسل اور سنجیدہ کاروائیوں کے نتیجے میں سب ڈویژن بانہال میں یہ مسئلہ اب کسی حد تک حل ہوا ہے۔ انہوں نے بانہال، کھڑی اور رامسو سب ڈویژن کے لوگوں اور ڈرائیوروں سے مکمل تعاون دینے کی اپیل کی ہے ۔