جموں//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے جموں وکشمیر میں ٹرانسپورٹ صنعت میں بہتری کے لئے ٹھوس پالیسی لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی خواتین ونگ صوبائی صدر جموں پونیت کور کے زیر اہتمام منعقدہ ایک جوائننگ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہا’’حکومت کو ٹرانسپورٹ صنعت کی ترقی کے لئے پالیسی متعارف کرنی چاہئے جوکہ اِس وقت مشکل دور سے گذر رہی ہے اور اِس صنعت سے جڑے لوگ متبادل روزگار اپنانے پر مجبور ہیں۔مختلف اقسام کے محصولات اور دیگر مالی بوجھ بشمول قرضہ جات نے ٹرانسپورٹروں پر اضافی بوجھ ڈال دیا ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ ٹرانسپورٹ دوستانہ پالیسی مرتب کی جائے تاکہ ٹرانسپورٹروں کو راحت ملے‘‘۔انہوں نے یقین دلایاکہ اپنی پارٹی ٹرانسپورٹروں کے ساتھ ہے اور اْن کے مسائل کو حل کرانے میں اپنا اہم رول ادا کرے گی۔حکومتی وانتظامی سطح پر ہرجگہ اْن کے مسائل کو اْجاگر کیاجائے گا۔اس موقع پر درجنوں ٹرانسپورٹروں نے سید محمد الطاف بخاری کی موجودگی میں اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔اِن میں جموں کشمیر موٹرٹرانسپورٹ ویلفیئر ایسو سی ایشن صدر مہندر سنگھ ، سرکردہ نیشنل کانفرنس لیڈر تیرتھ سنگھ قابل ِ ذکر ہیں۔اِن کا خیر مقدم کرتے ہوئے الطاف بخاری نے اْمیدظاہر کی کہ پارٹی کو مضبوطی ملے گی۔ انہوں نے ٹرانسپورٹروں کے مطالبات ومسائل کو متعلقہ حکام کے ساتھ اْٹھاجلد سے جلد حل کرانے کا بھی یقین دلایا۔ انہوں نے حکومت پرزور دیاکہ ٹرانسپورٹروں کے حل طلب جائز مطالبات کو جلد سے جلد حل کیاجائے ۔