کنگن//ٹراما ہسپتال گنڈ کنگن میں ایکسرے مشین تین ماہ سے بیکار ہونے کی وجہ سے مریضوں کو مجبوراًکنگن یا گاندربل ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق تین ماہ قبل ہسپتال میں نصب ایکسرے مشین خراب ہوگئی ہے اور مریضوں کو مسلسل مشکلات کا سامنا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ایکسرے مشین تین ماہ سے خراب ہے لیکن محکمہ صحت اس کی طرف توجہ نہیں دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگراگلے دو روز تک ہسپتال میں نئی ایکسرے مشین نصب نہیں کی گئی تو وہ محکمہ صحت کے خلاف احتجاجی دھرنا دینے پر مجبور ہونگے جس کی ذمہ داری محکمہ صحت پر عائد ہوگی ۔اس دوران ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ہسپتال میں ادویات کی کمی بھی پائی جاتی ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو اکثر دوائیاں بازار سے خریدنا پڑتی ہیں۔ڈائریکٹرہیلتھ سروسز کشمیرڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے اس ضمن میںبتایا کہ ابھی تک یہ بات ان کی نوٹس میں نہیں تھی اوربہت جلد ایکسرے مشین کو ٹھیک کرکے نصب کیا جائے گا۔