سری نگر//آل انڈیا ریڈیو کی جانب سے پہلی مرتبہ ٹائیگور ہال سرینگر میں آکاش وانی سنگیت سمیلن منعقد ہوا جس میں وادی سمیت ملک بھر کے سرکردہ فنکاروں نے شرکت کرتے ہوئے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔پروگرام کے دوران ملک کے سرکردہ قوال چاند افضل قادری اینڈ پارٹی نے بھی اپنے فن کا زبردست مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین کی داد حاصل کی جبکہ سرکردہ غزل گو استاد سخاوت حسین خان نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین کی داد تحسین حاصل کی۔ فاروق احمد گنائی اینڈ کمپنی نے کشمیر لوک سنگیت پیش کیا۔ پروگرام معروف براڈ کاسٹر طلحہ جہانگیر کی نگرانی میں انجام پایا۔ سمیلن میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آل انڈیا ریڈیو آئی آئی جارج، ریڈیو کشمیر سرینگر کے ہیڈ کے مورکن ، ڈائریکٹر ریڈیو کشمیر سرینگر نواز احمد ننگرو ، ڈائریکٹر کمرشل براڈ کاسٹنگ رابعہ رسول سمیت دیگر قلمکاروں، براڈ کاسٹروں، صحافیوں اور ذی عزت شخصیات نے شرکت کی۔