راجوری //راجوری انتظامیہ کی جانب سے کووڈ ویکسی نیشن مہم میں تیزی لائی گئی ہے جبکہ اس سلسلہ میں محکمہ صحت کے ملازمین متحرک ہو کر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔گزشتہ روز محکمہ کے متحرک ملازمین 10گھنٹوں کی پیدل مسافت طے کر کے ڈھوکوں میں پہنچے جہاں انہوں نے بکروال طبقہ کے افراد کو کووڈ ویکسین لگائی ۔پیر پنچال پہاڑی میں محکمہ صحت کی مذکورہ ٹیم سرپنچ کی موجودگی میں دس گھنٹوں تک پیدل چل کر بکروال طبقہ کے افراد کو مذکورہ سہولیات فراہم کیں ۔بلاک میڈیکل آفیسر کنڈی ڈاکٹر محمد اقبال ملک نے بتایا کہ کووڈ ویکسین کے سلسلہ میں شروع کر دہ مہم او ر اس اعتبار سے کئے گئے سروئے کے دوران معلوم ہوا ہے دھار ساکری اور ریحان سے کچھ بکروال کنبے ڈھوکوں میں چلے گئے ہوئے ہیں جبکہ انہوں نے گرمیوں کے بعد ہی واپس آنا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے فیصلہ لیاگیا کہ مذکورہ علاقہ میں ہی خانہ بدوش طبقہ کو ویکسین فراہم کی جائے گی جبکہ اس سلسلہ میں محکمہ کے ملازمین اور آشا ورکروں پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی گئی جبکہ سرپنچ دھاررضاکارنہ طور مذکورہ ٹیم کا حصہ بنے ۔آفیسر موصوف نے بتایا کہ مذکورہ ٹیم نے دس گھنٹوں کی پیدل مسافت طے کر کے مذکورہ ڈھوک میں خانہ بندوش طبقہ کے افراد کو ویکسین لگائی ۔سرپنچ دھار اعجاز احمد نے بتایا کہ مذکورہ عمل ایک مشکل مہم کا حصہ تھی تاہم محکمہ کے ملازمین بالخصوص خواتین ملازموں نے بہادری کیساتھ علاقہ کا رخ کرتے ہوئے خانہ بدوشوں کوکووڈ ویکسین لگائی ۔