سرینگر//ہندوستان میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے قہر کے درمیان 7 جولائی سے بھارت بایوٹیک کے ذریعہ تیار کردہ ویکسین کا ہیومن ٹرائل شروع ہونے والا ہے۔ بہار کی راجدھانی پٹنہ واقع ایمس کو کورونک ویکسین ٹرائل کے لیے ملک کے 12ویں ادارہ کی شکل میں منتخب کیا گیا ہے۔ ویکسین کا ٹرائل تین حصوں میں کئے جانے کی بات سامنے آ رہی ہے اور اس ویکسین کو لے کر ڈاکٹر کافی پرامید ہیں۔ پٹنہ ایمز کے سپرنٹنڈنٹ سی ایم سنگھ نے بتایا کہ پہلے فیز میں سیفٹی کے ساتھ کم لوگوں پر ہی ٹرائل کیا جائے گا۔ اس میں کامیابی ملنے کے بعد دوسرے اور تیسرے فیز کا ٹرائل ایمز کے ڈاکٹروں اور ویکسین بنانے والی کمپنی یعنی بھارت بایو ٹیک کے ساتھ مرکزی صحت محکمہ کے افسران و سائنسداں کی دیکھ رکھ میں کیا جائے گا۔