ویشنودیوی شرائن بورڈ کی64 ویں میٹنگ منعقد

جموں//شری ماتا ویشنو دیوی کی پوتر گپھا کی یاترا پر آنے والے شردھالوؤں کے لئے اضافی رہایشی سہولیات کی ضروریات پورا کرنے کے لئے گورنر ستیہ پال ملک جو شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، نے بھون علاقہ میں دُرگا بھون کی دوبارہ تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔گورنر نے الیکٹرانک طریقے سے اس کا سنگ بنیاد رکھا اور شری ماتا ویشنوی دیوی شرائین بورڈ کی64 ویں میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے پانچ منزلہ عمارت پر تعمیری کام کا آغاز کیا۔اس عمارت کے لئے14800 مربع فٹ اراضی پر50 کروڑ روپے کی لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔ اس عمارت کے مکمل ہونے پر یومیہ4 ہزار یاتریوں کو مفت رہایشی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ نئے دُرگا بھون میں تمام سہولیات دستیاب رکھی جائیں گی جن میں لاکر، بیت الخلاء، کمبل، کھانے پینے کی اشیاء کے علاوہ چار ایلی ویٹر بھی شامل ہیں۔اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گورنر نے شرائین بورڈ کے سی ای او کو ہدایت دی کہ وہ نئے دُرگا بھون کے تعمیری کام کو جلد از جلد مکمل کریں تا کہ اس سہولیت سے یاتری مستفید ہوسکیں۔انہوں نے ماسٹر پلان میں موجود مختلف کمپو نینٹس کی عمل آوری کو یقینی بنانے کی ہدایت دی  تا کہ بنیادی ڈھانچے کی سہولیات قائم ہوسکیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ اس عمارت میں پانی کو دوبارہ استعمال کرنے اور ایس ٹی پی کے قیام کو یقینی بنایا جائے۔