اننت ناگ+کنگن//لاک ڈائون کی آڑ میں جنوبی کشمیر میںجنگل سمگلر سرگرم ہوگئے ہیں ۔ویری ناگ میں محکمہ جنگلات،مقامی سیول سوسائٹی اور پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران غیر قانونی طور کاٹی گئی عمارتی لکڑی کی بڑی مقدار ضبط کی ہے ۔اس سلسلے میں رین چوگنڈ ویری ناگ میں ایک چھاپہ مارکارروائی کے دوران ایک شہری کے مکان سے اس عمارتی لکڑی کوضبط کیا گیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔پولیس چوکی ویری ناگ میں معاملہ کی نسبت کیس زیر نمبر 17/20 US 379 فارسٹ ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے ۔ادھر مانسبل رینج کے چھترگل کنگن کے کمپارٹمنٹ نمبر10اور15میں سمگلروں نے جنگلات کو لوٹنے کا سلسلہ شروع کیاہے جس پر لوگوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ملوثین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں رینج افسر علی محمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ نے اپنے اہلکاروں کو موقع پر روانہ کیا ہے۔اس دوران معلوم ہوا کہ ڈی ایف او گاندربل کی ہدایت پر رینج افسر کنٹرول روم گاندربل فیق احمد نے علاقے کا جائزہ لیا۔