جموں//گورنر کے صلاح کار بی بی ویاس نے جموں میں 15اگست کے موقعہ پر قومی پرچم لہرا کر مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔ سلامی لینے کے بعد ویاس نے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ریاست میں تعمیر و ترقی کو فروغ دینے کے منصوبوں کو اجاگر کیا ۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صلاحکار نے ریاست میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور ریاست میں ترقیات کے اہداف کو حاصل کرنے کی اہمیت اجاگر کی ۔ کئی اہم شعبوں میں کئے گئے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنر انتظامیہ نے ریاست میں جمہوری نظام کو زمینی سطح پر مستحکم کرنے کیلئے پنچایتی اور میونسپل انتخابات منعقد کرانے کیلئے ضروری اور اہم اقدامات کئے ہیں کیونکہ ان اداروں کی غیر موجودگی سے عوام کو ترقیاتی عمل اور فیصلہ سازی میں شریک ہونے کا موقعہ نہیں ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال میں دیہی اور شہری بنیادی ڈھانچے میں طے شدہ اہداف کو حاصل کرنے کے عمل کو متاثر کیا ہے ۔ انہوں نے ان انتخابات کے احسن انعقاد کیلئے عوام کا تعاون طلب کیا ۔ جدو جہد آزادی کے مشعل برداروں کو خراج پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اُن کی قربانیوں کے باعث ملی آزادی کو امن و امان اور رواداری کو برقرار رکھنے سے ہی قائم رکھا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعمیر و ترقی کیلئے امن و امان لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی معیشت بجلی شعبے کی بدولت کافی ترقی کر سکتی ہے اس لئے حکومت نے 371.10 میگاواٹ صلاحیت والے 15 ہائیڈرو پاور پروجیکٹوں پر کام شروع کیا ہے جنہیں مکمل کرنے کے بعد ریاست کو اقتصادی طور خود کفیل بنانے میں کافی مدد ملے گی ۔ انہوں نے بجلی شعبے میں شروع کی گئی مختلف اہم سکیموں کو بھی اجاگر کیا ۔ صحت شعبے کا تذکرہ کرتے ہوئے ویاس نے کہا کہ ریاستی عوام کو کم خرچہ والی معیاری صحت خدمات فراہم کرنے کیلئے کئی اہم اقدامات کئے ہیں جن میں جموں اور کشمیر صوبوں میں ایمز ہسپتالوں کا قیام شامل ہے جن پر کام شروع کیا گیا ہے ۔ انہوں نے ریاست میں قائم کئے جا رہے پانچ میڈیکل کالجوں کا بھی تذکرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سرکار تعلیمی شعبے کو فروغ دینے کیلئے کافی سنجیدہ ہے اور 190 سکولوں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے جبکہ 210 مزید سکولوں کو اپ گریڈ کرنے کا عمل جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو مہینوں کے دوران حکومت نے مڈ ڈے میل سکیم میں کافی شفافیت لائی ہے اور ایک غیر سرکاری رضا کار تنظیم کو جموں اور سانبہ میں پائیلٹ پروجیکٹ بنیادوں پر سکیم چلانے کا کام سونپا ہے ۔ انہوں نے جموں میں آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم کے تعمیراتی کام پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز کے علاقوں میں عوام کو بہتر بنیادی خدمات خاص کر رابطہ سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے اور ریاست کے دس علاقوں کیلئے رعائتی نرخوں پر ہیلی کاپٹر سروس شروع کی گئی ہے جسے مزید علاقوں تک وسعت دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج کے تحت ریاست میں سڑک رابطوں پر 42688 کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں جبکہ باغبانی شعبے میں 2017-18 میں 23.55 لاکھ میٹرک ٹن کی پیداوار درج کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ سیاحتی شعبے کو فروغ دینے اور روز گار کے مواقعے پیدا کرنے کیلئے چار نئی ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹیاں قائم کی گئی ہیں جبکہ جموں روپ وے پروجیکٹ کے کام میں بھی سرعت لائی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو ایک تجارتی مرکز بنانے کیلئے حکومت نے مرکزی سرکار کی طرف سے تجویز شدہ میک ان انڈیا پروگرام کے تحت 270 تجاویز عملائی گئی ہیں اور ریاست میں کسی بھی نئے انڈسٹریل یونٹ کو آن لائین رجسٹر کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے 3.91 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہو رہے رائیٹرز کلب کا بھی تذکرہ کیا ۔ صلاحکار نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت راہ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں 40 بڑے کھیل مقابلوں کا اہتمام کیا گیا جن میں 50 ہزار سے زاید نوجوانوں نے شرکت کی ۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر ریاست کے نوجوانوں کے کار ناموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے 42 کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 70 بلاکوں میں اُمید سکیم کے تحت 28152 سیلف ہیلپ گروپ قایم کئے گئے ہیں جبکہ جموں اور سرینگر میں خواتین کیلئے انٹر پرنیور شپ مراکز بھی قایم کئے گئے ہیں اور جموں میں خواتین کیلئے مخصوص ہیلپ لائین 181 بھی شروع کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں کے نزدیک رہنے والے عوام کے تحفظ اور بہبود کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔تقریب پر مختلف سکولی طلبا نے رنگا رنگ تمدنی پروگرام پیش کئے جن کی صلاحکار موصوف نے سراہنا کی ۔ انہوں نے فوج و نیم فوجی دستوں اور ریاستی پولیس اہلکاروں کی ملک کا تحفظ کرنے اور ملک دشمن عناصر سے لڑنے کیلئے سراہنا کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سپاہی مشکل صورتحال میں کام کر رہے ہیں اور جمہوریت کو تحفظ دینے اور امن و امان قایم رکھنے کیلئے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں ۔ بعد میں صلاحکار نے مختلف نیم فوجی دستوں اور سکولی طلبا کی ٹکڑیوں کے مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔ سی آر پی ایف نے مارچ پاسٹ پر بہترین کارکردگی جبکہ جموں و کشمیر آرمڈ پولیس کو بہترین بینڈ قرار دیا گیا ۔ سینک سکول نگروٹہ کو بچوں کا بہترین بینڈ جبکہ این سی سی کیڈٹس کو لڑکیوں کے بہترین مارچ کا ایوارڈ ملا ۔ تمدنی پروگرام میں ایس آر ایم ایل ہائیر سکینڈری کو پہلا جبکہ ہائیر سکینڈری سکول مبارک منڈی اور گرل ہائیر سکینڈری سکول کنال روڈ کو دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل ہوئی ۔ مینل گپتا کو شطرنج چیمپین شپ 2018 میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے پر سپورٹس اچیور ایوارڈ جبکہ انل ٹکو کو کلچر میں یہ ایوارڈ دیا گیا ۔ انکُش گپتا اور محمد انور کو بہادری کیلئے ایوارڈ دیا گیا ۔ ممبرانِ پارلیمنٹ جگل کشور شرما ، شمشیر سنگھ منہاس ، اراکینِ قانون سازیہ ، صوبائی کمشنر جموں ، آئی جی پی ، ڈپٹی کمشنر و دیگر سول و پولیس افسران کے علاوہ عوام کی ایک بڑی تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی ۔