زوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کی خبر پڑھ لیں گی آپ ؟ شعبۂ خبر سے وابستگی کے دوران دو خبریں ایسی تھیںجن میں سے ایک پڑھ کر افسوس ہوا اور ایک نہ پڑھ کر۔ ایک جمہوریت کی موت تھی اور ایک آمریت کی۔ دونوں خبریں اپنی اپنی جگہ پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ کے لئے محفوظ ہو گئیں۔ ایک ملک کے منتخب وزیر اعظم کے قتل کے باب میں جس کے خون کے چھینٹے انصاف کے دامن پر بھی نظرآتے ہیں، دوسری ایک آمر کے انجام کے باب میں ۔ تو چلئے پہلے وہ خبر جسے سن کر میرے بہت سے لمحے تو بے یقینی کی کیفیت میں گزرے۔دل جیسے کہہ رہا ہویا الہٰی مرگ یوسف کی خبر سچی نہ ہو مگر حقیت کے ادراک پر آنکھ سے بے اختیار آنسو چھلک پڑے۔ یہ خبر پہلی مرتبہ ریڈیو پاکستان کے دن کے گیارہ بجے کے بلیٹن میں نشر ہوئی جس کے مطابق بھٹو صاحب کو ہمارے گھر سے تین میل کے فاصلے پر راولپنڈی ڈسٹرکٹ جیل میں رات کے دو بجے پھانسی دی جا چکی تھی۔ تاہم فوج کی جانب سے ہینڈ آؤٹ اس وقت جاری کیا گیا جب انھیں بندوقوں کے سایے میں چند لوگوں کی موجودگی میں گڑھی خدا بخش بھٹو میں بالکل لاوارثوں کی طرح دفنایا جاچکا تھا۔ پھا نسی سے لے کر دفنانےتک کی پوری کارروائی اس قدر خفیہ رکھی گئی کہ چند میل دور سہالہ جیل میں مقید بیوی نصرت بھٹو اور بیٹی بے نظیر بھٹو کی تدفین میں شرکت تو دور کی بات، دفنانے سے پہلے انہیں شکل تک نہیں دکھائی گئی۔پھانسی کی خبر جاری ہونے کے بعد ہمارے نیوز پروڈیوسر کا فون آگیا ،خاصی گھبراہٹ زدہ آواز میں۔ خبر تو سن لی ہوگی آپ نے؟ بھٹو کی پھانسی کی خبر پڑھ لیں گی آپ؟ میرے اطمینان دلانے پر ان کی تسلی نہیں ہوئی۔ اب کے خود نیوز کنٹرولر حبیب اللہ فاروقی لائن پر تھے۔ دیکھیں بی بی یہ خبر پڑھ لیں گی، آپ کہیں رو تو نہ پڑیں گی؟ مگر یہی تو ہماری تربیت تھی کہ دلی کیفیت چہرے اور آواز میں جھلکنے نہ پائے۔ شام پانچ بجے کا بلیٹن میں نے بالکل معمول کے مطابق پڑھا۔ یہ خبر چند فقروں پر مشتمل اور نپی تلی تھی۔ ظاہر ہے نیوز روم کو یہی ہدایات ملی تھیں اور شاید بار بار پوچھے جانے کے دباؤ میں، میں کچھ زیادہ تیار تھی۔ نو بجے میرے ساتھ خالد حمید تھے۔ سرخیاں میں نے پڑھیں اور تفصیلی خبر خالد نے پڑھنی شروع کی۔(۴؍اپریل۱۹۷۹)
لیکن چند سطریں پڑھنے کے بعد آواز میں لرزش ہوئی جیسے گلے میں پھندا سے پڑجائے، بمشکل جملہ مکمل کیا۔ اگلا جملہ شروع ہونے میں وقفہ اتنا تھا کہ محسوس کیا گیا۔ ٹی وی والوں کی گھبراہٹ سمجھ میں آتی تھی، میں یا خالد رو پڑتے تو ان کی تو نوکری جا سکتی تھی۔ اس خبر کے ساتھ چند سیکنڈ کی فوٹیج انہیں دفنائے جانے کی دکھائی گئی جس میں بند تابوت میں چند لمحوں کے لیے ان کے چہرے کی جھلک بھی تھی، جس کا مقصد لوگوں کو آگاہ کرنا نہیں یہ باور کرانا تھا کہ دفن ہونے والی لاش ذوالفقار علی بھٹو کی ہی تھی ۔ نماز جنازہ میں میت ایک چارپائی پر چٹائی پر رکھی تھی اور کوئی درجن بھر افراد نماز جنازہ میں شریک تھے، جوغالباً ایجنسی کے لوگ تھے۔
اُف کیا بے کسی تھی لاش پر ۔ خیالوں ہی خیالوں میں مجھے اس لاش کے پیچھے ماؤ زے تنگ کیپ پہنے وہ جواں سال بھٹو نظر آیاجسے میں نے اپنے بچپن نہیں ہاں لڑکپن میں چند گز کے فاصلے سے دیکھا اور سنا تھا۔ سن اڑسٹھ یا انتہر میں ذوالفقار بھٹو اپنی پیپلز پارٹی کی تنظیم کے سلسلے میں سر گودھا آئے۔یہ پارٹی کا بالکل ابتدائی زمانہ تھا۔ کسی جاگیر دار یا صنعت کار نے مسٹر بھٹو کو لفٹ نہیں کرائی تھی۔ چند مڈل کلاس لوگوں نے بھٹو صاحب کو ہاتھوں ہاتھوں ہاتھ لیا اور پذیرائی کی تھی۔ مسعود زاہدی، ممتاز کاہلوں رُکن اسمبلی، خود میری والدہ شمس الزہرہ زیدی خواتین کی مخصوص نشستوں کے لئے اُمید وار بھی تھیں۔ بھٹو ہمارے عزیز ایڈوکیٹ مسعود زاہدی ہی کے گھر ٹھہرے تھے اور سیٹلائیٹ ٹاؤن سرگودھا میں ہمارے گھر سے ذرا فاصلے پر ہمارے والد کے دوست علی احمد کاظمی کے گھر حواتین سے خطاب کرنے آئے تھے۔میں بھی اپنی والدہ اور بڑی بہن فوزیہ کے ساتھ انہیں سننے گئی تھی۔ ابھی ہمارے گھر میں ٹی وی نہیں آیا تھا۔ ہم سب صرف اخبارات اور ریڈیو کے ذریعے ہی بھٹو کی شخصیت سے متعارف تھے۔ مجھے بالکل یاد نہیں انہوں نے کیا کہا مگر انہوں نے خواتین کو جیسے متاثر کیا اور جس طرح ان کے ووٹ کی اہمیت کا انہیں احساس دلا دیا تھا، اس کا اندازہ آپ اس سے لگا سکتے ہیں کہ میری والدہ اور وہاں موجود خواتین کا جوش و خروش دیدنی تھا۔یہ پہلا موقع تھا کہ عورتوں کو ان کی اہمیت کا احساس دلایا گیا تھا۔ اس کے بعد میرے والدہ سمیت عورتوں کے غول کے غول الیکشن تک گھروں کے دروازے کھٹکٹھا کر انہیں پولنگ سٹیشن تک لانے کے لئے آمادہ کرتی رہیں۔سترکے انتخابات میں نا قابل یقین مقبولیت کے بعد پیپلز پارٹی مڈل کلاس سے دور اور وڈیروں اور جاگیرداروں کی مقبوضہ بنتی چلی گئی مگر یہ مڈل کلاس عوام بھٹو کو اپنے ذہنوں سے دور نہ کر سکے ۔ وہ اس شخص کو بچا تو نہیں پائے جس نے اور کچھ نہیں تو کم از کم پہلی مرتبہ انہیں ووٹ کی اہمیت کا شعور دیا تھا، مگر لفظوں کی صورت میں جتنا خراج عقیدت پیش کر سکتے تھے وہ خوب کیا۔ بس اختر حسین جعفری کی نظم کی تین سطریں سنا کر دوسری خبر کی طرف چلتی ہوں ؎
تجھ کو کس پھول کا کفن ہم دیں
تو جدا ایسے موسموں میں ہوا جب
درختوں کے ہاتھ خالی تھے
وہ خبر جسے نہ پڑھنے کا افسوس رہا، وہ جنرل ضیاء کی ہلاکت کی خبر تھی۔ جنرل ضیاء کا فوجی طیارہ سترہ اگست 1988ءکو چار بجے کے لگ بھگ بہاولپور کے قریب کریش ہوا مگر ٹی وی پر رات آٹھ بجے اُن کی ہلاکت کی خبر نشر ہوئی جو اظہر لودھی نے پڑھی ۔خبر نامے کے لئے میری اور اظہر لودھی کی ڈیوٹی تھی۔میں میک روم میں داخل ہوئی تو وہاں سب کو صرف اتنا معلوم تھا کہ کوئی بہت بری خبر ہے۔ میں اوپر نیوز روم میں پہنچی تو افراتفری کا عالم دیدنی تھا۔ جنرل ضیاء کی فوٹیج اور پرانی خبروں کے سکرپٹ نکالے جارہے تھے۔ اتنے میں چیف ایڈیٹر شکور طاہر مجھے دیکھتے ہی میری طرف لپکے ، چہرے پر گھبراہٹ نمایاں تھی، مجھے دوسرے کمرے میں لے گئےاور بولے کہ بی بی بہت بری خبر ہے ،جنرل ضیاء فوجی طیارے کے حادثے میں شہید ہوگئے ہیں۔ آج خبر نامے میں اس کے سوا کوئی خبر نہیں جائےگی۔ اور یہ اظہر لودھی پڑھیں گے۔ میں نے حیران ہو کر پوچھا کیوں میں کیوں نہیں؟ شکور طاہر نے کہا بی بی آپ لوگوں نے میک اَپ وغیرہ کیا ہوتا ہے۔ یہ بڑی سنجیدہ خبر ہے تو اچھا نہیں لگتا، یہ خبر کوئی مرد ہی پڑھے تو بہتر ہے۔میں نے کہا شکور صاحب! جب خانہ کعبہ پر حملہ ہوا تھا۔ مجھے پہلے ہدایت کردی گئی کہ کپڑے بھی بہت سادہ ہوں اور میک اَپ بھی انتہائی کم۔ آج آپ نے پہلے کیوں نہیں بتایا؟ بتادیتے تو میں میک اَپ نہ کرواتی اور یہ غیر سنجیدہ خبریں کونسی ہوتی ہیں؟ اس سے پہلے کہ میں کچھ اور کہتی انہیںکسی نے بلا لیا اور میری بات کو اہمیت نہ دی ۔ میں گو مگو کی حالت میں نیوز روم میں آکر رائیٹر اور اے پی کے پرنٹ پڑھنے لگی۔ اس دن خبر نامہ کیا، ضیاء نامہ تھا۔ حادثے کی خبر۔ حالات زندگی، غیر ملکی دوروں کا احوال اور شخصیات کے تعزیتی پیغامات اور نہ جانے کیا کیا۔ میری نظروں میں چار اپریل کا منظر اُتر آیا۔اور میں نے سوچا ایک سویلین رہنما کی اتنی بے توقیری کہ اسے سولی پر چڑھا دیا جائے اور اس کی محض چند سطروں کی خبر نشر ہو اور ایک متوفیٰ کی اتنی عزت افزائی ؟۱۷؍ اگست مجھے پروفیشنل عورت کی بے توقیری کے لئے بھی یاد رہے گا۔