نئی دہلی//ووٹ دینا ہرشہری کابنیادی حق ہے اور جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئے ووٹ دینا نہایت ضروری بھی ہے ،ووٹ کے ذریعے ہی ہم اپنی پسند کا حکمراں منتخب کرسکتے ہیں اور ملک کو در پیش مسائل و مشکلات کو دور کرنے میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں،لہذا ہر شخص کا ووٹر لسٹ میں نام درج ہونا چاہئے تاکہ وہ انتخابات کے موقع پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرکے جمہوریت کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار اداکرے ۔ان خیالات کا اظہار معروف عالم دین وممبر پارلیمنٹ مولانا اسرارالحق قاسمی نے کیا۔انہوں نے کہاکہ جن لوگوں کی عمر اگلے سال یعنی جنوری ۲۰۱۹ء کواٹھارہ سال پوری ہونے جارہی ہے ،وہ اپنے ناموں کا ووٹر لسٹ میں ضرور اندراج کروالیں،اس کے لئے بنیادی کاغذات میں رہائشی و شناختی کارڈکی دستیابی کو یقینی بنائیں اور الیکشن کمیشن کے ذریعے مہیاکرائے گئے فارم کی خانہ پری کریں۔انہوں نے کہاکہ بعض دفعہ نام درج ہونے کے بعد حذف بھی ہوجاتاہے لہذا جن لوگوں کے نام پہلے سے درج ہیں،وہ بھی ایک بار چیک کرلیں کہ ان کا نام ووٹر لسٹ میں ہے یانہیں،اگر کسی وجہ سے حذف ہوگیاہے تودوبارہ شامل کرائیں،عمر،رہائشی ایڈریس وغیرہ کی بھی اچھی طرح جانچ کرلیں،کوئی پریشانی لاحق ہوتومقامی سرکاری اہل کاروں سے رابطہ کریں۔مولاناقاسمی نے تمام مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کا عمل فوراً شروع کردیں اوراس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں ۔انہوں نے علمائے کرام،مساجد کے ائمہ اور سماجی کارکنان و دانشوران اور سماج کے باشعور افراد،طلباوطالبات سے اپیل کی ہے کہ وہ عام لوگوں کو اس سلسلے میں بیدار کریں،اس کے لئے جو بھی طریقہ اختیار کرنا پڑے اسے اختیار کرکے لوگوں کو ووٹر لسٹ میں اپنے ناموں کا اندراج کروانے کے لئے تیار کریں اوراس کی اہمیت کوسمجھائیں۔یو این آئی