ڈوڈہ//جموں وکشمیر وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی طرف سے ڈوڈہ کے محلہ صدیق آباد میں ایک جانکاری پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف ماہرین نے خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے کارپوریشن کی طرف سے عملائی جا رہی مختلف اسکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے ان سے فائدہ اُٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر کارپوریشن کے ڈسٹرکٹ منیجر محمد اقبال بطورِ مہمانِ خصوصی موجود تھے جب کی خواتین کی ایک اچھی خاصی تعداد نے جانکاری پروگرام میں شرکت کی۔پروگرام کے دوران کارپوریشن کے ڈسٹرکٹ منیجر محمد اقبال نے NMDFC،NBCFDC،NHFDCاورESWجیسی اسکیموں کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی اور خواتین اپیل کی کہ وہ ان اسکیموںسے فائدہ اُٹھانے کے لئے آگے آئیں۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کی فلاح وبہبود کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے اور اُنہیں معاشی طور پر خود مختار بنا کر ترقی یافتہ معاشرے کی تعمیر کرنا چاہتی ہے۔اس کے لئے انہیں وسیع تر مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جو خواتین اپنی آمدنی کے ذرائع پیدا کرکے اپنے پائوں پر کھڑا ہونا چاہتی ہیں حکومت نے اُن کے لئے بہت ساری اسکیمیں شروع کر رکھی ہیں جن کے تحت اُنہیں آسان قسطوں پر قرضے فراہم کرنے کے علاوہ اُنہیں مختلف کاموں کی تربیت بھی فراہم کی جاتی ہے۔خواتین کو ان اسکیموںکا خاطر خواہ فائدہ اُٹھاکر اپنے اپنے کاروباری یونٹ قائم کر کے اپنا روزگار کمانا چاہیے۔اس موقع پرڈی یو ڈی اے ارشاد احمد اور ایک مقامی خاتون نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔