سوپور//سوپورکے لڑکیوں کے ڈگری کالج میں تدریسی عملہ کی کمی سے طالبات کومشکلات کاسامنا ہے۔کالج کی طالبات نے یہاں شکایت کرتے ہوئے الزام لگایاکہ گزشتہ کئی برس سے ادارے میں اساتذہ کی اکثراسامیاں خالی ہیں اور استادوں کی کمی کی وجہ سے طالبات کاقیمتی وقت ضائع کیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا،’’کالج میں کلیدی مضامین جیسے پولٹیکل سائنس، تاریخ، ٹورازم ،کمپوٹر ایپلی کیشن،ہوم سائنس، ڈیزاسٹرمنیجمنٹ ،اردو،اسلامک اسٹیڈیز اور سوشیالوجی کے اساتذہ کی اسامیاں پچھلے دوسال سے خالی ہیں۔انہوں نے کہا،’’فیکلٹی کی کمی کی وجہ سے طلاب کی مشکلات میں اضافہ ہوررہا ہے اوروہ دن میں زیادہ سے زیادہ ایک یادوکلاس دے پاتے ہیں ۔تیسرے سیمسٹر کی ایک طالبہ نے کہا کہ ہم نے کئی بار کالج انتظامیہ سے اس بارے میں رجوع کیالیکن اس معاملے میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔اُس نے کہا کہ ان کا پہلے ہی گزشتہ دوبرسوں میں کافی تعلیمی نقصان ہوا ہے اور لازمی ہے کہ طلاب کو ہرقسم کی سہولیات بہم رکھنے کو یقینی بنایاجائے تاکہ ان کے تعلیمی نقصان کی بھرپائی ہوسکے۔ اس دوران کالج کی پرنسپل ایف آربیگ نے اعتراف کیا کہ کالج میں تدریسی عملے کی کمی ہے اور کہا کہ انہوں نے پہلے ہی اس بارے میں اعلیٰ حکام کو مطلع کیا ہے۔