دبئی//بنگلہ دیش کو اسی کے گھر پر ون ڈے سیریز میں تین۔صفر سے شکست دینے کے بعد نیوزی لینڈ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ایک پر پہنچ گیا ہے جبکہ اس سے پہلے نمبر ایک پر رہا عالمی چیمپئن انگلینڈ خراب کارکردگی کی بدولت چوتھے نمبر پر کھسک گیا ہے ۔ نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف 20-2020 سیزن کی اپنی واحد ون ڈے سیریز میں تین۔صفر سے شاندار جیت درج کرکے 121 پوائنٹ حاصل کرکے دو پائیدان کی چھلانگ کے ساتھ پہلے نمبر پر قبضہ کیا ہے ۔ اس سے پہلے وہ تیسرے نمبر پر تھا۔ نیوزی لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بھی فائدہ ہوا ہے ، جہاں وہ پانچویں سے تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے حالانکہ انگلینڈ نے اس فارمیٹ میں اپنی ٹاپ پوزیشن برقرار رکھی ہے ۔ون ڈے رینکنگ میں بھی نیوزی لینڈ کے تجربہ کار تیزگیندباز ٹرینٹ بولٹ نمبر ایک پر برقرار ہے ۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے حال ہی میں ویسٹ انڈیز ، پاکستان، آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتی ہے جس کی وجہ سے اسے ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بھی فائدہ ملا ہے حالانکہ آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں تیسرے سے پانچویں نمبر پر کھسک گیا ہے ، حالانکہ اسے ون ڈے رینکنگ میں فائدہ ہوا ہے اور وہ 118 پوائنٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے جبکہ ہندوستان ایک مقام نیچے تیسرے نمبر پر آگیا ہے ۔ ادھر سری لنکا اور بنگلہ دیش ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بالترتیب آٹھویں اور نویں مقام پر پہنچے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز دو پائیدان نیچے کھسک کر دسویں نمبر پر پہنچ گیا ہے ۔ پاکستان ، جنوبی افریقہ اور افغانستان کوکسی بھی فارمیٹ کی درجہ بندی میں نہ تو کوئی فائدہ ہوا اور نہ ہی نقصان۔ ون ڈے رینکنگ میں پاکستان ، جنوبی افریقہ اور افغانستان بالترتیب چھٹے ، پانچویں اور دسویں نمبر پر ہیں ، جبکہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں چوتھی ، چھٹی اور ساتویں پوزیشن برقرار ہے ۔