ونڈے سیریز ملتوی، ویسٹ انڈیز دورہ ادھورا چھوڑ کر وطن روانہ

کراچی/کورونا کیس کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان ملتوی کردیا گیا ہے۔ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم آئسولیشن میں موجود ارکان کو چھوڑ کی وطن واپس روانہ ہوگئی۔وطن واپس روانہ ہونے والے ویسٹ انڈیز ٹیم کے 14کھلاڑی اور آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے تھے۔ویسٹ انڈیز کے جن کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے وہ آئسولیشن مکمل ہوجانے کے بعد وطن روانہ ہوں گے۔پاکستان نے ٹوئنیٹی 20سیریز میں ویسٹ انڈیز کو 3-0 سے کلین سویپ کیا۔ اب تین میچوں کی ون ڈے سیریز جون 2022میں کھیلی جائے گی۔ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز نے اس کی منظوری دے دی ہے ۔دورہ ویسٹ انڈیز کی شروعات ہی خراب رہی جب پہلے ہی دن سپورٹ اسٹاف کا ایک رکن کورونا پازیٹو پایا گیا۔ اس کے بعد بدھ تک ٹیم میں کل9 کورونا کیس آئے ۔ صرف بدھ کو ہی پانچ معاملے تھے ، جن میں تین کھلاڑی اور دو معاون عملے کے ارکان تھے ۔ اس کے بعد سے ہی دورہ ملتوی ہونے کا امکان تھا۔ تاہم اس دوران تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ پہلے سے طے شدہ وقت کے مطابق کھیلا گیا۔ایک پریس ریلیز میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہاکہ معمول کی جانچ کے طور پر جمعرات کی صبح ویسٹ انڈیز کے 15 کھلاڑیوں اور 6سپورٹنگ اسٹاف کا ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کیا گیا۔ اس دوران تمام 21 ممبران کووڈ منفی پائے گئے ۔اس لیے تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم دونوں ٹیموں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں ممالک کے بورڈز نے ون ڈے سیریز جون 2022 تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔یہ ون ڈے سیریز ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہے ۔ اس لیے ویسٹ انڈیز نہیں چاہتا کہ وہ آدھے ادھورے کھلاڑیوں کے ساتھ کوئی ون ڈے سیریز کھیلے جس سے ان کی ورلڈ کپ کی اہلیت متاثر ہو۔ ریلیز میں کہا گیا ہے کہ منفی آنے والے ٹیم کے ارکان جمعرات کی شام کو ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کے بعد ویسٹ انڈیز واپس جائیں گے ، جبکہ کورونا مثبت آنے والے اراکین کراچی میں آئسولیٹ رہیں گے ۔