نئی دہلی// (یو این آئی) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن ہندوستان کے خلاف بدھ سے شروع ہونے والی ٹی 20 سیریز نہیں کھیلیں گے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے منگل کو تصدیق کی کہ ولیمسن ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد ٹیسٹ سیریز پر توجہ مرکوز کریں گے۔ ان کی غیر موجودگی میں تجربہ کار کھلاڑی ٹم ساؤتھی ٹیم کی قیادت سنبھالیں گے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم جو کہ حال ہی میں ختم ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 میں رنر اپ رہی تھی، پیر کو جے پور پہنچ گئی ہے، جہاں پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بدھ کو کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹی ٹوئنٹی 19 نومبر کو رانچی میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 21 نومبر کو کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد کانپور اور ممبئی میں بالترتیب 25 سے 29 نومبر اور 3 سے 7 دسمبر تک دو ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔