سرینگر//وقف بورڑ منتظمین اور کرایہ داروں کے درمیان کرایہ متعین کرنے پر کئی برسوں سے جاری مخاصمت ختم ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کشمیرٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن نے کہا ہے کہ افہام و تفہیم کے بعد موجودہ کرایہ میں 120 فیصد ا ضافے پر طرفین میں اتفاق پایا گیا۔ کرایہ میں اضافے پرطرفین کے درمیان گزشتہ کئی برسوں سے کرایہ میں اضافہ کرنے پر ٹکرائو کی سی صورتحال تھی،جبکہ بورڑ نے قریب3ہزار فیصد کرائیوں میں اضافہ کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔سرینگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وقف بورڑ کرایہ دار فیڈریشن اور کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈدریشن نے دعویٰ کیا کہ یہ معاملہ سلجھ گیاہے،اور افہام و تفہیم کے ساتھ مسئلہ حل کیا گیا۔کشمیر اکنامک الائنس کے چیئرمین حاجی محمد یاسین خان ،جو کے ٹی ایم ایف کے بھی سربراہ ہے،نے کہا کہ طرفین میں3برسوں سے کرائیوں میں اضافہ پر مخاصمت تھی،کیونکہ وادی میں اس وقت صورتحال اس قدر بہتر نہیں تھی کہ کرائیوں میں اضافہ کیا جاتا۔ انہوں نے تاہم کہا کہ بورڑ کے منتظمین میں تبدیلی کے ساتھ ہی نئی انتظامیہ نے کرایہ داروں کے معاملات کو سمجھا،اور ا دھونس دبائو کے برعکس افہام و تفہیم کے ساتھ معاملہ کو نپٹانے پر رضامندی ظاہر کی۔انہوں نے کہا کہ آخر کار متفقہ طور پر اس بات پر اتفاق پایا گیا کہ وقف کرایہ داروں کے کرایہ میں120فیصد اضافہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کشمیر ٹریدرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن نے مثبت رول ادا کیا۔ وقف بورڑ کو ملی اثاثہ قرار دیتے ہوئے حاجی محمد یاسین خان نے اس بات پر حیرانگی کا اظہار کیا کہ دیگر مذہبی اداروں کی طرز پر وقف کھبی بھی پھولا پھلا نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ’’مسلسل حکومتوں کے زیر انتظام رہ کر وقف بورڑ سرکاروں نے اس ملی ادارے پر سیاست کی،اور استحصال کر کے تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکار وقف بورڑ پر اپنا کنٹرول ختم کریں،اور اس کو ملی ذمہ داروں کے سپرد کریں۔ حاجی محمد یاسین خان نے کہا کہ سرکاری اداروں سے افسراں سبکدوش ہوتے ہیں،تو انکو وقف بورڑ میں تعینات کیا جاتا ہے۔ کشمیرٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے سربراہ نے اس بات کا بھی الزام عائد کیا کہ وقف جائیداد اور اراضی پر نا جائز قبضے کو سیاسی پشت پناہی کی وجہ سے نہیں ہٹایا جا رہا ہے۔اس موقعہ پر وقف کرایہ اداروں کی فیڈریشن کے صدر فردوس احمد نے وقف بورڑ کی موجودہ انتظامیہ کا شکرایہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے معاملہ فہمی سے اس پیچیدہ مسئلہ کو حل کیا۔پریس کانفرنس میں کے ٹی ایم ایف کے جنرل سیکریٹری بشیر احمد کونگ پوش اور میڈیا سیکریٹری فرہان کتاب کے علاوہ نائب صدر منظور احمد بٹ بھی موجود تھے۔