سرینگر //وادی کی مختلف سیاسی، سماجی، تجارتی ومذہبی تنظیموں نے شیعہ وقف بورڈ لکھنو کے سابق چیئرمین وسیم رضوی کی طرف سے قران مقدس کی چھبیس آیات کو اِس سے باہر نکالنے کیلئے عدالت عظمیٰ میں عرضی دائر کرنے پر شدید ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قران مقدس اللہ تعالی کا کلام ہے اور وہ خود اس کا محافظ ہے ۔انہوں نے وسیم رضوی کوگرفتار کرکے سزادینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اُس کی اِس حرکت سے عالمی سطح پر مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے اور اس سے مسلکی منافرت پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ایک بیان میں پیپلزڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم محمد یاسین نے وسیم رضوی کی طرف سے مقدس قرآن مجید کے خلاف گستاخانہ حرکت کرنے پر سخت افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اس کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کرنے کی مانگ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسیم رضوی نے مقدس قران شریف سے چند آیات کو حزب کرنے سے متعلق عدلیہ میں مفاد عامہ کیس دائر کر کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو بری طرح سے مجروح کیا ہے۔پی ڈی ایف چیرمین نے وزیراعظم نریندر مودی سے درخواست کی کہ فوری طور وسیم رضوی کو ملک میں مذہبی منافرت اور آپسی خانہ جنگی پھیلا نے کے جرم میں ملک بدر کرنے کے احکامات صادر کریں تاکہ آئندہ کوئی بھی ناعاقبت اندیش ایسی مذموم حرکت کرنے کی جرات نہ کر سکے۔ عوامی نیشنل کانفرنس نے وسیم رضوی کی قران پاک کیخلاف سپریم کورٹ میں عرضی دائر کئے جانے کوبدبختانہ حرکت قرار دیتے ہوئے خبردارکیاکہ ایسے فتنہ پرورہی سماج کومذاہب اورفرقوں کی بنیاد پرتقسیم کرکے ملک وقوم کی سلامتی اورامن وامان کیلئے خطرہ پیداکرتے ہے۔عوامی نیشنل کانفرنس اس کی مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ اسلام اور ملک وقوم کے دشمن کو ملک بدر کیا جانا چاہئے۔اسلامک فریٹرنٹی نے وسیم رضوی کے اسلام مخالف تبصرے کی مذمت کرتے ہوئے تمام اسلامی اسکالروں اوررہنمائوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اسلام مخالف ناپاک عنصر کو بے نقاب کرکے انصاف کے کٹہرے میں کھڑاکریں۔جموں وکشمیر کے بی جے پی کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے قرآن مجید کی26 آیات کو حذف کرنے کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے پر وسیم رضوی کی کڑی تنقید کی اور رضوی کے تبصرے کوناقابل قبول قرار دیا ۔ سی این ایس کو موصولہ بیان میں ٹھاکر نے کہا کہ حکومت کو اس کے گستاخانہ بیانات اور دنیا بھر کے اربوں مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر رضوی کے خلاف جلد کارروائی کرنی چاہئے۔ٹھاکر نے لوگوں سے نظم و ضبط برقرار رکھنے ور قانون کو ہاتھ میں نہ لینے کی تاکید کی۔ انہوںنے کہا کہ رضوی مسلمان نہیں ہے اور میں مطالبہ کرتا ہوں کہ ا س کو اپنی کیے کی سزا ملنی چاہئے اور ہندوستان کی حکومت نے اس کی سرزنش کی ہے۔ اسلام میں رضوی جیسے لوگوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقلیتی مورچہ کے ترجمان اعلیٰ ہلال جان نے بھی اترپردیش شیعہ بورڈکے سابق چیئرمین وسیم رضوی کوسخت سزادینے کامطالبہ کیا ہے کیوں کہ وہ امن اوربھائی چارے کیلئے سب سے بڑاخطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وسیم رضوی قران کریم سے آیات کونکالنے کا مطالبہ کرکے مذہبی گروپوں کے درمیان دشمنی پیداکرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قیامت کی صبح تک قران مجید کے ایک بھی لفظ میں ہیرپھیر نہیں کی جاسکتی ہے۔انہوں نے وسیم جیسے مجرموں کو سخت قانون کے تحت سزادینے کا مطالبہ کیا۔اس دوران نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر،میاں الطاف،محمد شفیع اوڑی،قمر علی آخون،اغا سید روح اللہ،تنویر صادق،عبدارحیم راتھر،پیرزادہ غلام احمد شاہ،محمد اکبر لون،جسٹس حسنین مسعودی نے بھی وسیم رضوی کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا۔اسلامک فریٹرنٹی کے صدرمحمد عامر نے ایک بیان میں کہا کہ زمین پر کوئی ایسی طاقت نہیں ہے جوقران مقدس کے ایک بھی حرف کی ترمیم کرسکے اور جنہوں نے بھی ایسی کوشش کی وہ اس میں ناکام ہوکر رسواہوئے۔ انہوں نے کہا کہ قران خالق کا کلام ہے۔دنیا میں کوئی اُس کی کتاب میں تحریف کرسکتا ہے اور نہ ہی اُس کی کتاب میں ترمیم کرسکتا ہے۔اسلام دشمنوں نے ماضی میں قران میں ترمیم کرنے کی سخت کوششیں کیں لیکن اللہ تعالی نے ان کورسوا کرکے ان کے منصوبوں کوناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ قران مقدس کی حفاظت کرنے کا اللہ تعالیٰ نے وعدہ کیا ہے ۔قران کے یہ آیات مسلمانوں کے ایمان کی بنیاد ہے اور نام کے مسلمان ان پر یقین کرنے سے انکار کرتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ وسیم رضوی کے گستاخانہ تبصرے نے مسلمانوں کے جذبات کو نہ صرف ٹھیس پہنچائی ہے بلکہ پوری امت مسلمہ کوغصہ دلایاہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ حکومت ہند مسلمانوں کے جذبات کااحترام کرنے کااظہار کرے ۔ حقانی میموریل ٹرسٹ نے شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین وسیم رضوی کے اس بیان کہ قران مجید سے 26 آیات مبارکہ کو نکالا جائے ،کی زبردست مذمت کی ہے۔ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار نے کہا ہے کہ وسیم رضوی کی یہ بیان بازی ناقابل برداشت ہے جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قران کریم مکمل ضابطہ حیات ہے اور اس میںحسن اخلاق کی تعلیم دی گئی ہے اس میں نفرت پھیلانے کا نہیں بلکہ نفرت کو دور کرنے اور محبت سے پیش آنے کا حکم دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا یہ صرف اپنی سیاسی دھاک جمانے کیلئے اس طرح کی حرکتیں کر رہا ہے۔ قران کریم پر حملہ شیطانی آلہ کار کی ناپاک حرکت ہے۔ ٹرسٹ کے جملہ عہدہ داران و اراکین ، ٹرسٹ کے ساتھ منسلک ادارے ، تحریک اسلامی جموں وکشمیر، ابن حقانی یوتھ فانڈیشن جموں و کشمیر، دارلعلوم حقانیہ سویہ بگ ، دارلعلوم فیضان مدینہ آروہ بیروہ، دارلعلوم قریشیہ شیری بارہمولہ ،دارلعلوم سلطان العارفین ترچھل پلوامہ ، دارلعلوم شاہ ولی اللہ ست بونن کپوارہ اور دارلعلوم لبیک یا رسول اللہ ؐسوپور نے بھی اس حرکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف تفرقہ پھیلانے کی سوچی سمجھی سازش ہے۔ علماء کرام وائمہ مساجد کے متحدہ فورم انجمن علماء وائمہ مساجدجموں وکشمیر کے امیر حافظ عبد الرحمن اشرفی خادم دارالعلوم سید المرسلین چوگام قاضی گنڈ نے وسیم رضوی کی قرآن کریم کے بارے میں حالیہ بد تمیزیوں پر اپنے شدید روعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وسیم رضوی کی یہ حرکت کوئی نئی بات نہیں ہے ایسی بدتمیزیاں وہ اسلام،مسلمانوں اور شعائر اسلام کے بارے میں ماضی میں بھی کرتے رہے ہیں، جو لوگ اس سے واقف ہیں اوران خبروں پر نگاہ رکھتے ہیں ۔وہ اس کو اچھی طرح جانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خلفائے راشدینؓ، اُمہات المومنین ؓاور صحابہؓ کی جماعت ایسی جماعت ہے جس کو اللہ تعالیٰ نے کامیاب کہاہے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں دنیا ہی میں جنت کی بشارت سنائی ہے ، کوئی بھی شخص ان کے خلاف زبان کھولنے کی جسارت نہیں کر سکتا، ان کے خلاف زہر اگلنے والے شخص کیلئے اسلام میں کوئی جگہ نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کہ علماء کرام متحد ہوکر فروعی اختلافات کوچھوڑ قرآن مجید کی حقانیت کو اپنا موضوع سخن بنائیں۔ سماجی تنظیم انجمن صدائے حسین نے آیات قرآنی کو حذف کرنے کے لئے سپریم کورٹ میں داخل کی گئی عرضی کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔تنظیم کے سربراہ مظفر حسین ریشی نے وسیم رضوی کو احمق قرار دیتے ہوئے کہا کہ قرانی آیات کو حذف کروانا اس جاہل ترین اور درندہ صفت انسان اور اس کے آقاؤں کا خام خیال ہے ۔انہوں نے کہا کہ وسیم رضوی وقف گھوٹالہ پر پردہ پوشی کرنے کے لئے اس طرح کے حربے اور ہتھکنڈے آزما رہا ہے جنہیں کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر ایک قرآن کے معتقد ہیں اور اس قران کے ایک بھی لفظ حتیٰ ایک حرکت کو قیامت کی صبح تک حذف نہیں کیا جاسکتا نہ ہی اس میں تحریف کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسیم رضوی آر ایس ایس کی پیداوار ہے ۔اس مفسد اور فتنہ پرور ملعون کے خلاف قانونی کاروائی وقت کی اہم ترین ضرورت بن گئی ہے ۔انہوں نے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ ملعون رشدی یا ملعون وسیم رضوی کو کسی بھی مکتب فکر سے وابستہ نہ کریں بلکہ متحد ہوکر اس کے خلاف قانونی کاروائی کریں ۔ریشی نے کہا کہ نام نہاد اور خود ساختہ شیعہ وقف بورڈ کی کوئی حقیقت نہیں ہے بلکہ اس ملعون صفت کو ملت تشیع نے اپنے صف سے خارج کردیا ہے ۔کشمیرٹریڈ الائنس نے وسیم رضوی کے گستاخانہ تبصرے کی مذمت کرے ہوئے حکومت ہند پرزوردیا ہے کہ وہ اس کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ایک بیان میں الائنس کے صدر اعجازشہدار نے کہا کہ رضوی ماضی میں بھی اسلام دشمن تبصرے کرتا آیا ہے اوراس کیلئے اُسے سزادی جانی چاہیے۔انہوں نے رضوی کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا کیوں کہ وہ اسلام کے دومکاتب کیخلاف دراڑ ڈالنے کی کوشش کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ خالق خود قران کا محافظ ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگررضوی کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی تو اس سے مسلکی تنائو پیداہوگااورحکومت کو اولین فرصت میں رضوی کو گرفتار کرنا چاہیے۔جمعیت اہلحدیث کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نے ایک بیان میں کہا کہ اب بھی کچھ مکروہ آوازیں اور اس قبیل کے لوگوں کی ہر زہ سرائیاں مختلف موقع پر سامنے آتی ہے ۔ لیکن پھر اُن کی الٹی سیدھی باتیں اُن کی حالت کو خود مضحکہ خیز بنادیتی ہیں۔ تازہ مثال کسی وسیم رضوی کی ہے جس نے قرآن کی کچھ آیات کے حوالہ سے ایسی کچھ زبان درازیاں کیں ہیں ، جس سے اُس کی ذہنی حالت کا پتہ چلتا ہے ۔ اُنہوں نے ان بھونڈی حرکات کی زبردست مذمت کی۔ اُدھرجمعیت کے نائب صدرڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے بھی اس پراپنے شدید ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ وسیم رضوی کی یہ بدترین حرکات اُس کی لا علمی ، جہالت اور ذہنی پستی کا عیاں اور برملا اظہار ہے اور قرآن اور قرآنی تعلیمات سے اس کے بے بہرہ ہونے کا بھی ثبوت ہے ۔جعفریہ ویلفیئر سوسائٹی جموں کشمیر کے سرپرست غلام رسول میر نے کہا کہ وسیم رضوی کو اہل تشیع کے کھاتے میں نہ ڈالا جائے،بلکہ یہ امریکہ،اسرائیل اور برطانیہ کی مشترکہ سازش کا نام ہے۔انہوں نے کہا کہ قران کریم ایک آفاقی کتاب ہے جو مکمل نظام حیات ہے۔ انہوں نے مسلکی اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے تمام مسالک کا اس بات پر مکمل اتفاق ہے کہ قران پاک اللہ تعالیٰ کا کلام ہے اور اس میں زرہ برابر بھی کمی یا زیادتی واقع نہیں ہوئی ہے۔ ملازم انجمنوں کے مشترکہ پلیٹ فارم ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹو کمیٹی (EJCC) اورسی اے پی ڈی ایمپلائز ایسوسی ایشن کے ذمہ داروں کے ایک مشترکہ اجلاس جس کی صدارت ای جے سی سی اورسی اے پی ڈی ایمپلائز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اعجاز احمدخان نے کی ، میں اُترپردیش شعیہ وقف بورڈکے سابق چیئرمین وسیم رضوی کی قران پاک کیخلاف سپریم کورٹ میں عرضی دائرکئے جانے کی حرکت پرتبادلہ خیال کیاگیا۔سبھی ذمہ داروںنے وسیم رضوی کی حرکت کوبدبختی،مسلم دشمنی اورفتنہ پروری پر مبنی قراردیتے ہوئے کہاکہ مذکورہ بدبخت نے جس اندازمیں قران پاک کی سراسرغلط تشریح اوراولین تین خلفائے راشدین کیخلاف زہرافشانی کی ہے ،وہ اسبات کوظاہرکرتاہے کہ اس بدبخت کے عزائم کتنے مکروہ اور قابل ملامت ہیں ۔