سری نگر//جموں وکشمیرکے وسطی ضلع بڈگام کے سیاحتی مقامات پر تازہ برف باری ہوئی ہے،یوسمرگ میں تین انچ اور دودھ پتھری میں چھ سے پانچ انچ تک تازہ برف ریکارڈ کی گئی ہے۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگاروں نے بتایا کہ محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے عین مطابق وسطی ضلع بڈگام کے مضافاتی علاقوں میں بدھ کی صبح سے ہی رک رک کر برف باری ہوئی جو یہ رپورٹ فائل کرنے تک جاری تھی۔
انہوں نے بتایا کہ سیاحتی مقام یوسمرگ میں سہ پہر تک تین انچ ، دودھ پتھری میں چھ سے پانچ انچ اور توسہ میدان میں چھ سے سات انچ تک برف ریکارڈ کی گئی ہے۔
اُن کے مطابق چرار شریف تحصیل کے کنہ دجن ، دارون ، پکھر پورہ میں دو سے تین انچ ، خانصاحب میں ایک سے دو انچ تک برف باری ہوئی ہے۔
موصوف نامہ نگارنے مزید بتایا کہ بڈگام کے سیاحتی مقامات یوسمرگ ، دودھ پتھری اور توسہ میدان میں آخری اطلاعات موصول ہونے تک برف باری جاری تھی ۔
دریں اثنا وادی کے میدانی علاقوں میں بدھ کی صبح سے ہی رک رک کر بارشیں ہو رہی ہیں ۔