جموں//صحت عامہ ، آبپاشی وفلڈ کنٹرول کے وزیر شیام لا ل چودھری حلقہ انتخاب سچیت گڈھ میں گجر بستی کٹیال کا دورہ کیا اور وہاں لوگوں کے مسائل سے جانکاری حاصل کی۔ اس موقعہ پر لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت لوگوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہے اور انہیں حل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقے میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں پر کام جاری ہے تاکہ لوگوں کو تمام طرح کی بنیادی سہولیات جلد از جلد فراہم کئے جاسکیں ۔ شیام چودھری نے کہا کہ ریاستی و مرکزی حکومتیں اقلیتی طبقوں اور سماج کے کمزور ورگوں اور کسانوں کے لئے کئی بہبودی سکیمیں چلا رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں ریاست جموں وکشمیر کو فراخدلانہ رقومات فراہم کر رہی ہے تاکہ لوگوں کا سماجی و اقتصادی ڈھانچہ بہتر بنا یا جاسکے ۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ آگے آکر ان سکیموں کے فوائد سے مستفید ہوجائیں ۔