جموں //مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے 20جولائی کو دورہ ریاست میں ترمیم کی گئی ہے اور وزیر موصوف ایک ہی دن میں جموں اور کرگل کا دورہ کریں گے ۔ذرائع نے بتایاکہ وزیر دفاع نئی دہلی سے صبح سرینگر کیلئے روانہ ہوں گے جہاں سے وہ براہ راست دراس کرگل چلے جائیں گے جہاں کرگل جنگ کے مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیاجائے گا۔ اس دوران وزیر دفاع کرگل میں تعینات فوجی اہلکاروں سے بھی تبادلہ خیال کریں گے جس کے بعد وہ کرگل سے جموں کی طرف روانہ ہوں گے اور یہاں انہیں بارڈر روڈ آرگنائزیشن کی طرف سے تعمیر کئے گئے دو پلوں اوجھ اور بسنتر کا افتتاح کرناہے ۔وزیر موصوف ریاست خاص طور پرجموں خطے میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے فوج کے سینئر افسران سے بھی تبادلہ خیال کریں گے ۔وہ حد متارکہ پرپائی جارہی موجودہ صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ بھی لیںگے ۔راجناتھ سنگھ کا وزیر دفاع بننے کے بعد یہ جموں کا پہلا دورہ ہوگا ۔اس سے قبل 3جون کو انہوں نے کشمیر اور لداخ کا دورہ کیاتھا جس دوران وہ سیاچن گلیشئر بھی گئے ۔