عظمیٰ نیوز سروس
جموں//بی آر او کی جانب سے تیار کردہ 74پروجیکٹوں کو قوم کے نام وقف کرنے کیلئے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اگلے کچھ دنوں میں جموں وارد ہو رہے ہیں ۔ اس سلسلے میں بی آر او کی جانب سے تمام تیاریوںکو حمتی شکل دی جا رہی ہے۔۔ان پروجیکٹوں میں شمالی اور مغربی سرحدوں پر فضائی پٹی، سرنگیں اور پل شامل ہیں۔ا س حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بی آر او کے ڈائریکٹر جنرل راجیو چوہدری نے بتایا کہ بی آر او کی جانب سے 74پروجیکٹوں کی تکمیل ہو چکی ہے جن کو وزیر دفاع راجناتھ سنگھ عوام کے نام وقف کریں گے ۔
انہوں نے کہا ’’ ان پروجیکٹوں میں دیوک پل کے افتتاح کی تاریخ جلد طے کی جائے گی۔ اس کا افتتاح کرکے قوم کے نام وقف کیا جائے گا۔ وزیر دفاع جموں خطے کا دورہ کریں گے۔ وہ مزید 74 منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے جن میں دو فضائی پٹی، سرنگیں، پل اور سڑکیں شامل ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا’’ سانبہ ضلع میں دیوک پل کی تعمیر پراجیکٹ سمپرک کے تحت دو سال کے اندر مکمل کی گئی ہے۔یہ پل، دریائے دیویکا پر واقع ہے، اسٹریٹجک اور سماجی و اقتصادی دونوں نقطہ نظر سے بہت اہمیت رکھتا ہے‘‘۔انہوں نے کہا’’یہ سرحد کے ساتھ فورسز کی تیز رفتار نقل و حرکت کے قابل بناتا ہے، جس سے آئی بی کے ساتھ واقع فولپور اور گلپور کے دیہاتوں کو فائدہ ہوتا ہے۔‘‘افسر نے کہا کہ پہلے، دیہاتیوں کو دریا کو عبور کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ پل، جو بین الاقوامی سرحد سے تقریباً 3.5 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، 422 میٹر پر پھیلا ہوا ہے۔‘‘ڈی جی نے کہا کہ سرحد کے ساتھ زیر تعمیر ایک اہم سڑک اکھنور۔پونچھ روڈ ہے۔انہوں نے کہا ’’ہم نے اس سڑک کو چوڑا کیا ہے، جس میں کنڈی، سنگل، نوشہرہ، اور بھمبرگلی کی چار سرنگیں ہیں۔ یہ منصوبہ قابل ستائش رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے اور توقع ہے کہ اگلے دو سال میں مکمل ہو جائے گا‘‘۔