سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ گورنر اور وزیر اعلیٰ نے پولیس اہلکاروں پر ہو رہے لگاتار حملوں بشمول جامع مسجد علاقے میں ڈی ایس پی محمد ایوب پنڈت کے بیہمانہ قتل سے جُڑے معاملات اور ایسے واقعات سے متاثرہ افراد کے کنبوں کو امداد فراہم کرنے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔ اس سے قبل مرکزی وزیر داخلہ سے ہوئی ملاقات کے پیش نظر گورنر نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ فیلڈ میں کام کر رہے پولیس افسروں کو بلٹ پروف جیکٹ اور گاڑیاں اور دیگر حفاظتی ساز و سامان مہیا کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعلیٰ نے جموں کشمیر میں جی ایس ٹی کو لاگو کرنے کیلئے کئے جا رہے اقدامات کے بارے میں گورنر کو جانکاری دی ۔دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جی ایس ٹی کو لاگو کرنے میں تاخیر کی وجہ سے ریاست کے لوگوں کو نقصانات سے دو چار ہونا پڑے گا اور ریاستی اقتصادیات پر منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔ گورنر اور وزیر اعلیٰ نے تعلیمی سرگرمیوں کو ہو رہے نقصانات پر بھی تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ نوجوانوں خصوصاً طالب علموں کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ممکنہ اقدامات پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا ۔
فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر گورنر سے ملاقی
نیوز ڈیسک
سرینگر//فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لفٹینٹ جنرل دیو راج انبو نے 15 ویں کور کے جی او سی لفٹینٹ جنرل جے ایس سندھو کے ہمراہ گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ گورنر اور فوجی کمانڈر نے ریاست میں بین الاقوامی سرحد ، ایل او سی اور ایل اے سی کے حالات کے علاوہ دہشت گردانہ اور دراندازی مخالف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں پر دہشت گردانہ حملوں کے خلاف کی جانے والی کاروائیوں اور 29 جون 2017 سے شروع ہونے والی شری امر ناتھ جی یاترا کے احسن انعقاد کیلئے کئے گئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔