سرینگر//حکومت نے وزیر اعظم خصوصی پیکیج کے تحت جموں کشمیر کے مختلف محکموں میں تعینات ملازمین کی سینیارٹی سے متعلق امور کو حل کرنے کیلئے انتظامی سیکریٹری آفات سماوی،امدادوباز آبادکاری وتعمیر نو کی سربراہی میں چار رکنی ٹیم تشکیل دی ہے۔ محکمہ عمومی انتظامی کی جانب سے اس سلسلے میں ایک حکم جاری کیا گیا جس میں کہا گیا،’’مرکزی زیر انتظام جموں کشمیر کے مختلف محکموں میں وزیر اعظم خصوصی پیکیج کے تحت تعینات ملازمین کی سینیارٹی امور کو حل کرنے کے لئے کمیٹی کی تشکیل کو منظوری دی گئی‘‘۔اس کمیٹی کی کمان انتظامی سیکریٹری آفات سماوی ، امدادوباز آبادکاری و تعمیر نو کو سونپی گئی ہے جبکہ اس کمیٹی میں محکمہ قانون، انصاف و پارلیمانی امور کے انتظامی سیکریٹری، محکمہ عمومی انتظامی کے نمائندے جو ایڈیشنل سیکریٹری عہدے سے کم نہ ہو، کے علاوہ محکمہ تعمیرات عامہ کے نمائندے،جو ایڈیشنل سیکریٹری عہدے سے کم نہ ہو کو ممبران نامزد کیا گیاہے۔جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کے کمشنر سیکریٹری منوج کمار دیویدی کی جانب سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ کمیٹی آفات سماوی ،امدادوباز آبادکاری و تعمیر نو کے تحت کام کرے گی اور سرکار کو اس سلسلے میں15دنوں کے اندر رپورٹ پیش کرے گی۔