یواین آئی
نئی دہلی // وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ آج یعنی پیر انگلینڈ کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔ وزارت دفاع نے بیان میں کہا کہ وزیر دفاع کے ساتھ وزارت دفاع کا ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی جائے گا، جس میں ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او)، سروس ہیڈ کوارٹرز، محکمہ دفاع اور دفاعی پروڈکشن کے محکمے کیاعلیٰ حکام شامل ہوں گے۔ دورے کے دوران وزیر دفاع اپنے برطانوی ہم منصب گرانٹ شاپس کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کریں گے۔ توقع ہے کہ دونوں رہنما دفاع، سلامتی اور صنعتی تعاون کے وسیع امور پر بات چیت کریں گے۔ سنگھ کی برطانوی وزیر اعظم رشی سنک سے ملاقات اور خارجہ، دولت مشترکہ اور ترقیاتی امور کے وزیر ڈیوڈ کیمرون سے بھی ملاقات متوقع ہے۔