جموں// وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے گورنر این این ووہر اکے ساتھ جمعرات کی شام ایک گھنٹہ طویل میٹنگ کی اور ریاست کے مختلف اہم معاملات پر غور و خوض کیا۔ گورنر اور محبوبہ مفتی نے وادی میں اندرونی سیکورٹی صورتحال ، مختلف محکموں کی کارکردگی بالخصوص پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، سماجی بہبود ، اطلاعات اور کھیل کود اور امور نوجوان کے محکموںکی کارکردگی پر غور و خوض کیا۔ گورنر نے وزیر اعلیٰ کو تجویز پیش کی کہ وہ تمام محکموں کی کارکردگی میںبہتری لانے کے لئے ضروری اقدامات کریں۔گورنر نے وزیرا علیٰ کو پنچایتوں اور اربن لوکل باڈیز کے انتخابات کو بغیر کسی مزید تاخیر کے عمل میں لانے کی تجویز پیش کی۔ گورنر نے عوامی شکایات کی طرف فوری توجہ دینے ، عوامی خدمات میں بہتر کارکردگی دکھانے اور رشوت جیسی بدعت میں ملوث لوگوں کو سخت سز ا دینے کے عمل پر زور دیا۔