سرینگر//ایک اہم فیصلے کے تحت وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے وقف بورڈ کی طرف سے چلائی جارہی مساجد کے اما م صاحبان کے مشاہرات پر نظر ثانی کرنے کی ہدایت دی ۔انہوں نے بورڈ کے ملازمین کی تنخواہوں پر نظرثانی کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی ۔یہ ہدایات وزیراعلیٰ جو وقف بورڈ کی چیئرپرسن بھی ہیں نے مسلم وقف بورڈ کے ممبران کی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے دیئے۔کمیٹی جو ملازمین کی تنخواہوں کے اضافے پر غور کرے گی سے کہا گیا ہے کہ وہ 15دنوں کے اندر اپنا رپورٹ پیش کرے۔ بورڈ نے وقف ملازمین کی ریٹائرمنٹ عمر 58سال سے 60 سال تک بڑھانے کا فیصلہ کیا۔بورڈ نے بھی فیصلہ کی خواتین کی میٹرنٹی لیو 90دنوں سے اب 180دن ہوگی جیسے کہ دیگر محکموں میں کام کر رہی خواتین کو یہ سہولیت دستیاب ہے۔وزیراعلیٰ نے اس سے قبل امام صاحبان اور وقف بورڈ کے ملازمین سے استفسار کیااور انہیں یقین دلایا کہ ان کے مشکلات پر غور کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے وقف جائیدادوں کے بہتر رکھ رکھائو اور ان کے بہتر استعمال کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان جائیدادوں کی بدولت موجودہ آمدنی میں اضافہ کرنے کے ساتھ متعلقہ لوگوں کی بہبودی کے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔محبوبہ مفتی نے تمام زیارت گاہوں میںقائم فائر سیفٹی اور سیکورٹی آڈِٹ کا جائزہ لینے اور مستقبل میں کسی بھی واقعہ کو روکنے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے جاری پروجیکٹوں پر کام میں سرعت لانے کی بھی ہدایت دی تاکہ یہ پروجیکٹ لوگوںکے لئے جلد از جلد وقف کئے جاسکیں۔انہوں نے زیارت گاہوں میں صحت و صفائی قائم رکھنے اور نزدیکی پارکوں کو سنبھالنے کی بھی ہدایت دی تاکہ زائرین کوکسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اس سے قبل وائس چیئرمین وقف بورڈ نظام الدین بٹ نے وقف بورڈ کی طر ف سے کئے جارہے اقدامات کے بارے میں میٹنگ کو مطلع کیا۔ چیف ایگزیکٹیو فیاض احمدلون اور بورڈ کے ممبران اس موقعہ پر موجود تھے۔