نئی دہلی// جموں و کشمیر کی صورتحال پر بدھ کو مرکزی وزارت داخلہ میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی،جس میں مرکز کے زیر انتظام علاقے میں تشدد کے واقعات میں اضافہ اور اس سے نمٹنے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔مرکزی داخلہ سکریٹری اجے بھلا کی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں مرکزی پولیس فورسز کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل، انٹیلی جنس بیورو اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ وزارت کے سینئر افسران نے حصہ لیا۔ تقریباً 12 بجے شروع ہوئی میٹنگ کا اہم ایجنڈا وادی کی صورت حال کا جامع جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ملی ٹینٹوں کی سرگرمیوں کو روکنے کے اقدامات اور اس کی وجہ سے تشدد کے واقعات میں اضافے پر تبادلہ خیال کرناتھا ۔ اس کے علاوہ وزیر داخلہ امت شاہ کی زیر صدارت حالیہ میٹنگ میں کئے گئے فیصلوں پر عمل آوری اور اس سے متعلق پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا جاگیا۔کشمیر میں گزشتہ دو ماہ سے ملی ٹینسی کے واقعات میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ غیر مقیم شہریوں کو خاص طور پر نشانہ بنایا گیاہے ۔ اس کا مقصد غیر مقیم لوگوں میں خوف کا ماحول پیدا کرنا ہے تاکہ وہ وادی چھوڑنے پر مجبور ہوں۔ وادی میں حالات کو معمول پر آنے سے روکنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ میٹنگ میں بتایا گیاکہ جموں کشمیر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرا ررکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں جا رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ سرحدوں پر درندازی کے واقعات کے بارے میں بھی داخلہ سیکرٹری کو جانکاری دی گئی ۔ اس موقعہ پر داخلہ سیکریٹری نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ وہ جموں کشمیر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرا ر رکھنے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جا ئیںاور امن کی صورتحال بگاڑنے کی کوششوں کا ناکام بناکر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔