گاندربل+سوپور//گاندربل کے علاقہ ورپش سے ملحقہ آستانہ نار میں آتشزدگی کی ایک واردات میں دو رہائشی مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔آگ بجھانے کے لئے مقامی لوگوں نے محنت کرکے آگ پر قابو پالیا۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آستانہ نار ورپش میں بعد از دوپہر بجلی شارٹ سرکٹ ہونے کے باعث آگ نمودار ہوئی جس کے باعث محمد اشرف ٹھکری ولد غلام محی الدین کے ایک منزلہ رہائشی مکان اور غلام قادر میر ولد ثناء اللہ کے دو منزلہ رہائشی مکان کو جزوی نقصان پہنچا۔اس موقع پر اگرچہ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو اطلاع دی گئی جن کی گاڑیاں اور عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا تاہم راستہ نہ ہونے کے سبب آگ بجھانے والی گاڑیاں موقع پر نہیں پہنچ پائیں۔اس موقع پر مقامی لوگوں اور محکمہ فائر سروس کے عملہ نے بڑی محنت سے آگ پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کی۔پولیس نے رپورٹ درج کرکے آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے تحقیقات شروع کردی۔ادھر سوپور قصبہ میں منگل کو عدالت کے ایک کمرے میں آگ لگ گئی تاہم محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کی بروقت کارروائی سے آگ کوپھیلنے سے روکاگیا ۔فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے ایک اہلکار نے بتایا کہ سوپور میں عدالت کے ای سیکشن میںشارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی تاہم جیسے ہی یہ خبر محکمہ تک پہنچی تو محکمہ کی ٹیم نے بروقت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا ۔ اہلکار نے بتایا کہ اس واقعہ میں کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔