وراٹ کی نصف سنچری کے باوجود ہندوستانی اننگز لڑکھڑائی

ایڈیلیڈ//کپتان وراٹ کوہلی (74) کی نصف سنچری اور چتیشور پجارا (43) کی سدھی ہوئی اننگز کے باوجود آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹسٹ کرکٹ کے پہلے دن جمعرات کو ہندوستانی ٹیم لڑکھڑا گئی اور اس نے دن کا کھیل ختم ہونے تک پہلی اننگز میں 89 اووروں میں چھ وکٹ پر 233 رن بنائے ۔ہندوستان کی جانب سے وراٹ نے 180 گیندوں میں 8 چوکوں کی مدد سے 74 رن اور پجارا نے 160 گیندوں مٰن دو چوکوں کی مدد سے 43 رن بنائے ۔ اسٹمپس تک روی چندرن اشون 17 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 15 اور وکٹ کیپر بلے باز ردھیمان ساہا 25 گیندوں میں ایک چوکے کے سہارے 9 رن بناکر کریز پر موجود ہیں۔اس سے قبل ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا، لیکن تیز گیند باز مشیل اسٹارک نے میچ کی دوسری گیند پر اوپنر پرتھوی شا کو بولڈ کیا اور ہندوستان کو پہلا دھچکا دیا۔ پرتھی کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے ۔ پرتھوی کو نوجوان بلے باز شبھمن گل کی جگہ آخری الیون میں شامل کیا گیا لیکن وہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے ۔پہلا دھچکہ لگنے کے بعد مینک اگروال نے پجارا کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی اور دونوں بلے بازوں نے دوسرے وکٹ کے لئے 32 رنوں کی شراکت داری کی۔ لیکن مینک بھی کچھ خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور پیٹ کمنس نے انہیں بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ مینک نے 40 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 17 رنز بنائے ۔