بانڈی پورہ//گورنر کے صلاحکار کے وجے کمار نے گریز کا دورہ کر کے وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لینے کے علاوہ بانڈ ی پورہ ضلع کے اس سرحدی سب ڈویثرن میں سیکورٹی صورتحال کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔پرنسپل سیکرٹری صحت ڈاکٹر پون کوتوال، ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری اور ضلع کے دیگر افسران بھی مشیر موصوف کے ہمراہ تھے۔مشیر موصوف نے ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائیزہ لینے کے لئے ضلع افسروں کی ایک میٹنگ طلب کی جس دوران ڈپٹی کمشنر نے گُریز میں جاری ترقیاتی کاموں کے تعلق سے حاصل کئے گئے اہداف اور موجودہ صورتحال کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔مشیر کو بتایا گیا کہ سب ڈویثرن میں جاری سات بڑے پروجیکٹوں کے لئے 17.36 کروڑ روپے میں سے اب تک4.49 کروڑ روپے صرف کئے گئے ہیں جس میں ڈاک بنگلہ،منی سیکرٹریٹ، انڈو سپورٹس کمپلیکس، انجینئرنگ کمپلیکس، آئی آٹی آئی اور وانپورہ سے مرکوٹ تک سڑک کی تعمیر شامل ہے۔گُریز میں سڑکوں اور پُلوں کی تعمیر کے بارے میں میٹنگ میں بتایا گیا کہ اس سلسلے میں منظور کئے گئے45.38 کروڑ روپے میں سے اب تک24.36 کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔گورنر کے مشیر نے ضلع افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران مختلف محکموں کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلات طلب کیں۔ وجے کمار نے افسروں کو گُریز میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائیزہ لینے کے لئے متواتر بنیادوں پر وہاں کا دورہ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے تمام جاری پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل پر بھی زور دیا۔بعد میں مشیر موصوف نے سب ضلع ہسپتال داور کا دورہ کر کے وہاں کے کام کاج کا جائیزہ لیا۔اس دوران انہوںنے کپواڑہ ضلع کے مژھل علاقہ کا دورہ کر کے وہاں ترقیاتی منظر نامے کا جائیزہ لیا۔پرنسپل سیکرٹری صحت ڈاکٹر پون کوتوال، ڈپٹی کمشنر کپواڑہ خالد جہانگیر اور دیگر ضلع افسران ان کے ہمراہ تھے۔مژھل پہنچنے کے بعد وجے کمار نے دُودی ہیلتھ سینٹر کا دورہ کیا اور محکمہ صحت کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ طلب کی۔انہیں مژھل میں لوگوں کو دستیاب کی جارہی طبی سہولیات کے بارے میںبتایا گیا ۔مشیر موصوف نے افسروں اور اہلکاروں سے تلقین کی کہ وہ لگن اور تندہی کے ساتھ کام کر کے مژھل کے تمام دیہات کے لوگوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ترقیاتی منظر نامے کا جائیزہ لینے کے لئے وجے کمار نے تمام کلیدی محکموں کے افسروں کی ایک میٹنگ طلب کی۔ انہوں نے مختلف محکموں کی جانب سے عملائے جارہے پروجیکٹوں اورسکیموں کی صورتحال کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ مژھل کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے کام کریں۔مشیر نے افسروں سے کہا کہ وہ لوگوں کی شکایات کا ازالہ کرنے کے لئے کم سے کم مژھل کا ہر ماہ دورہ کریں۔وجے کمار نے علاقہ میں مال مویشی کے سیکٹر کو فروغ دینے کے لئے شیپ ہسبنڈری محکمہ کو ضروری ہدایات دیں۔ وجے کمار نے علاقہ میں زرعی اور باغبانی سرگرمیوں کو بہتر بنانے کے لئے مژھل کے لوگوں کو جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے کے لئے کہا۔ انہوں نے بیکن حکام سے تلقین کی کہ وہ کپواڑہ سے مژھل تک کی سڑت پر تار کول بچھانے کے کام میں سرعت لائیں تا کہ اس کام کو نومبر کے آخر تک مکمل کیا جاسکے۔ انہوں نے بجلی محکمہ کے افسروں کو ریسویسنگ سٹیشن کا کام نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔مشیر موصوف نے لوگوں کو یقین دلایا کہ اُن کے مسائل کو حل کرنے اور جائیز مطالبات پورا کرنے کے لئے مناسب اقدامات کئے جائیں گے۔