وجے کمار نے ایس ایم جی ایس ہسپتال کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا

جموں//گورنر کے مشیر کے۔ وجے کمار نے ایک میٹنگ کے دوران ایس ایم جی ایس ہسپتال میں قائم اطفال اور ای این ٹی شعبوں کی کارکردگی کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں مختلف شعبوں کے سربراہاں، ہسپتال انتظامیہ او رمحکمہ صحت کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔میٹنگ کے دوران تدریسی سرگرمیوں، او پی ڈی آپریشنوں، موجودہ افرادی قوت ، مختلف شعبوں کی ترقی کے لئے اقدامات اور لوگوں کے لئے طبی خدمات میں بہتری لانے کے لئے سہولیات کی اپ گریڈیشن جیسے معاملات زیر بحث لائے گئے۔پرنسپل جی ایم سی ڈاکٹر سنندہ رینہ، منیجنگ ڈائیریکٹر جے کے ایم ایس سی شِو گپتا، محکمہ صحت کے ایڈیشنل سیکرٹری غلام رسول میر،شعبۂ اطفال کے سربراہ ڈاکٹر جی ایس سینی، شعبۂ ای این ٹی کے سربراہ ڈاکٹر پرمود کلسوترہ، میڈیکل سُپرنٹنڈنٹ ، ایس ایم جی ایس ڈاکٹر منوج  چلوترہ اور دیگر سنیئر ڈاکٹروں نے میٹنگ میں شرکت کی۔شعبۂ اطفال کے سربراہ ڈاکٹر جی ایس سینی نے اپنے شعبۂ کے بارے میں ایک تفصیلی پریذنٹیشن دی اور شعبۂ میں موجودہ عملے کی تفاصیل اور دستیاب بنیادی ڈھانچے کا ذکر کیا۔انہوں نے مشیر موصوف سے استدعا کی کہ وہ خالی پڑی اسامیوں کو پُر کرنے میں مداخلت کریں تا کہ شعبۂ کی کارکردگی میں بہتری لائی جاسکے۔بنیادی ڈھانچے سے متعلق اپ گریڈ کرنے سے سلسلے میں انہوں نے پیرینا ٹالوجی یونٹ قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔
ای این ٹی شعبۂ کے سربراہ نے میٹنگ میں اپنے شعبۂ کو استحکام بخشنے کے لئے ایکشن پلان ترتیب دینے کی گذارش کی۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مشیر موصوف نے یقین دلایا کہ حکومت طبی اداروں کو اپ گریڈ کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اُٹھائے گی جن میں افرادی قوت میں اضافے کرنے اور بنیادی ڈھانچے کواستحکام بخشنا شامل ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے سینئر افسران کو ان شعبوں میں خالی پڑی اسامیوں کو پُر کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے ان اہم شعبوں کو استحکام بخشنے کے لئے این ایچ ایم سے بھی تعاون طلب کرنے کے امکانات تلاش کرنے کی ہدایت دی۔ان شعبوں میں طبی سازوسا مان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مشیر موصوف نے ایم ڈی، جے کے ایم ایس سی کو ہدایت دی کہ وہ کوالٹی سرٹیفکیشن کا عمل پورا کرنے کے بعد ان شعبوں کی ضر وریات کو پورا کریں۔مشیر موصوف نے ان شعبوں میں کام کر رہی فکیلٹی اور دیگر عملے کو ملک کے معروف اداروں میں بھیجنے پر زور دیا تا کہ وہ تبادلے کے پروگراموں کے ذریعے نئی تحقیق سے متعلق جانکاری حاصل کریں۔انہوں نے دیگر اداروں سے یہاں کے ڈاکٹروں کے ساتھ ایکسچینج پروگرام منعقد کرنے پر بھی زور دیا۔بعد میں مشیر موصوف نے ہسپتال کی مختلف وارڈوں، آپریشن تھیٹروں اور دیگر سہولیات کا جائیزہ لیا۔ وارڈوں کے دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ زیر علاج مریضوں کے لئے صحت و صفائی کو یقینی بنائیں۔