بارہمولہ+ترال // شمالی کشمیر کے وترگام رفیع آباد بارہمولہ علاقے میں فوج کی گشتی پارٹی پر گھات لگا کر حملے کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک جنگجو جاں بحق ہوا۔ادھر ترال میں فورسز کے ایک کیمپ پر گرینیڈ حملہ کیا گیا ۔ترال میں یہ چار روز کے دوران چوتھا واقعہ ہے۔ایس ایس پی سوپور جاوید اقبال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رات 9بجے کے قریب 32آر آر کیمپ وتر گام رفیع آباد کی ایک گشتی پارٹی گذررہی تھی جس کے دوران میوہ باغات موجود جنگجوئوں نے گھات لگا کر گشتی پارٹی پر فائرنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ اس موقعہ پر طرفین کے درمیان مختصر فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک جنگجو مارا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ تلاشی کارروائی کے دوران ایک لاش بر آمد کی گئی ، جس کی شناخت نہیں ہوسکی، البتہ اسکی تحویل سے اسلحہ و دیگر گولی باردوبر آمد کیا گیا۔انکا کہنا تھا کہ علاقے کو مھاصرہ میں لیا گیا ہے اور تلاشی کارروائی جاری ہے۔ادھر میڈورہ ترال میں قائم 180بٹالین سی آر پی ایف کے کیمپ پر جنگجوئوں نے رائفل گرینیڈ داغا جو کیمپ کے نزدیک زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا تاہم اس سے کوی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بعد میں فورسز نے آس پاس تلاشیاں لیں ۔ واضح رہے کہ گذشتہ چار روز میں ترال علاقے میں یہ اس طرح کا چوتھا واقعہ ہے۔ادھر دمحال ہانجی پورہ کولگام پولیس سٹیشن کے باہر پر اسرار دھماکہ کی آواز سنی گئی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ گرینیڈ دھماکہ تھا تاہم پولیس نے کہا کہ گاڑی کا ٹائر پھٹ جانے سے دھماکہ ہوا اور پولیس تھانے پر کوئی حملہ نہیں کیا گیا۔