کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ سب ڈویژن مڑواہ کے صدر مقام نواپچی میں بالآخر مواصلاتی نظام شروع ہوگیا ہے جس کو لیکر مقامی لوگوں و طلبہ میں خوشی کی لہر پائی جارہی ہے۔ اگست کے آخر میں اگرچہ مڑواہ کے چند علاقہ جات میں مواصلاتی نظام شروع کیا گیاتھا تاہم بیشتر علاقے ہنوز اس سے محروم تھے اور بدھ کو ان علاقوں میں بھی مواصلاتی نظام شروع ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق نواپچی، نوگام، یوردو، آستان گام و دیگر علاقہ جات میں جیو کے مواصلاتی نظام نے کام کرنا شروع کردیا ہے۔ اگرچہ اس سے قبل تیلر، ہنزل و چینجر کی عوام کو اسکا فائیدہ حاصل ہورہا تھا تاہم بیشتر سرکاری دفاتر جن میں سب ڈویژنل دفتر، تحصیل دفتر، دیہی ترقی دفتر، ہسپتال، پولیس تھانہ ، بینک و دیگر دفاتر نواپچی سے ہی کام کررہے تھے اور انھیں سخت دشواریاں پیش آرہی تھیں۔ چند روز قبل نواپچی سائٹ کو آن ایئر کیا گیاتھا جسکے بعد اس نے آج باضابطہ طورپر کام کرنا شروع کردیا اور علاقہ میں مواصلاتی نظام شروع ہوگیا۔ ایس ڈی ایم مڑواہ نے مقامی سرپنچوں وفوج کے ہمراہ نواپچی میں لگائے گئے ٹاور کو شروع کرکے اس کو عوام کے نام وقف کیا۔مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا اور انتظامیہ و جیو حکام کا شکریہ ادا کیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اب وہ کافی خوش ہیں کہ علاقہ مواصلاتی نظام سے باقی دنیا سے جڑ گیا۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ اب جیو کی جانب سے موبائل سروسز کے آغاز سے مڑواہ میں تعمیرو ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔واضح رہے کہ چند ماہ قبل علاقہ واڑون کو مواصلاتی نظام سے جوڑا گیا تھا جبکہ اسکے بعدعلاقہ دچھن میں مواصلاتی نظام شروع کیاگیا اور اب مڑواہ میں مواصلاتی نظام شروع ہوگیا۔