کپوارہ// ریڈی چوکی بل کرالہ پورہ میں گزشتہ تین دنوں سے پینے کے پانی کی شدید قلت ہے جس کی وجہ سے ماہ رمضان میں لوگ پانی کی ایک ایک بوند کے لئے ترس رہے ہیں۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ریڈی چوکی بل کو فراہم کرنے والی واٹر سپلائی سکیم میں تین روز قبل خرابی ہوئی ہے لیکن تاحال اس کی مرمت نہیں کی گئی۔لوگوں کا کہنا کہ خواتین کو ماہ رمضان کے ان ایام میں دور جاکر ندی نالوں سے پانی حاصل کرنا پڑتا ہے جو مضر صحت ہے۔لوگوں نے مطالبہ کیا کہ محکمہ فوری طور عید سے قبل ریڈی چوکی بل کو پینے کا پانی فراہم کرنے کے لئے اقدامات کریں۔
گوٹلی باغ میں پانی کی قلت
آبادی آتشِ زیر پا
گاندربل//ارشاد احمد//گاندربل کے مضافاتی علاقہ گوٹلی باغ میں آبادی پانی کی ایک ایک بوند کے لئے ترس رہی ہے۔ یعقوب محلہ وائل وڑر گوٹلی باغ میں ماہ رمضان کے میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے عوام کوایک کلومیٹر دور سے پانی لاکر استعمال کرنا پڑرہاہے۔ سماجی تنظیم وائس آف گاندربل نے اس سلسلے میں کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گوٹلی باغ سے ملحقہ علاقہ یعقوب محلہ وائیل وڑر میں رمضان میں پینے کے صاف پانی کی قلت سے عوام کو سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ علاقے کو فوری طور پر پینے کے صاف پانی کی سپلائی یقینی بنائی جائے ۔
کنہ مزار نواکدل متاثرین کی بازآبادکاری کیجائے: مبارک گل
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر مبارک گل نے کنہ مزار نواکدل میں متعدد مکانات کے زمین بوس اور قیمتی جانوں کی تلافی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کی باز آبادکاری کی فوری اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا’’ کنہ مزار میں بے تحاشہ طاقت کا استعمال کیا گیا،جو قابل مذمت اور حقوق البشر کے منافی ہے‘‘۔ پارٹی کے ضلع صدر پیر آفاق اور صوبائی نائب صدر محمد سعید آخون کے علاوہ شیخ غلام قادر پردیسی نے بھی اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کی فوری مدد اور باز آبادکاری کا مطالبہ کیاہے۔