واٹر سپلائی سکیم ہاپت نار کو نقصان

بانڈی پورہ//محکمہ صحت عامہ( ہائیڈرولک) میں تعینات ایک جونیئر انجینئرکو اپنے فرائض کی انجام دہی میں غفلت برتنے کی پاداش میں معطل کیا گیا ہے۔اس ماہ کے آغاز میں ہاپت نار واٹر سپلائی سکیم کی 6 انچ ایک پائپ لائن کو اُس وقت نقصان پہنچا تھا جب ایک مقامی سرپنچ نے اپنے مکان کی تعمیر کے دوران وہاں ایک جے سی بی استعمال کر کے پائپ لائن کو نقصان پہنچایا تھا۔اِس کے نتیجے میں کوئیل مقام کے گائوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑا۔مقامی لوگوں نے یہ معاملہ ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ کی نوٹس میں اُس وقت لایا جب وہ اتوار کو اس گائوں کے دورے پر تھے۔ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ریوینو نے متعلقہ جونیئر انجینئر کی معطلی کے احکامات صادر کرتے ہوئے فرائض کی انجام دہی میں غفلت برتنے پر ذیلی عملے کی تنخواہیں بند کرنے کی ہدایت دی۔مذکورہ جونیئر انجینئر کو اے سی آر کے دفتر کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔انتظامیہ نے کوئیل مقام ہاپت نار کے سرپنچ کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لئے پولیس کے ساتھ رابطہ قائم کیا ہے۔ڈپٹی کمشنر بانڈ ی پورہ نے کہا ہے کہ یہ معاملہ ان کی نوٹس میں لائے جانے کے فوراً بعد پائپ کی مرمت کی گئی اورپانی کی سپلائی بحال کی گئی۔اُنہوں نے کہا کہ کسی بھی ملازم کی اس طرح کی غفلت شعاری کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کا نصب العین ہے اور اس میں کسی طرح کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔