سرینگر//رام بن کے ایک گائوں میں اپنے70سالہ والدکوبے دردی کے ساتھ قتل کرنے والے شخص کو ایک جنگل سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ19نومبراتوار کو رام بن کے چھبا دھموٹ نامی گائوں میں پیش آیا جب70سالہ عبدالمجید اور اسکے بیٹے نذیر احمد کے درمیان کسی بات کو لیکر پہلے زبردست توتو میں میں ہوئی اور بعد میں نوبت شدید نوعیت کی تلخ کلامی اور ہاتھا پائی تک جاپہنچی۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس موقعے پر نذیر نے بڑی بے رحمی کے ساتھ اپنے بزرگ والد کے سر پر کلہاڑی سے پے در پے کئی وار کئے جس کے نتیجے میں اس کے سر میں گہرے زخم لگے اور وہ خون میں لت پت ہوکر گر پڑا۔نذیر اپنے والد پر حملہ کرنے کے فوراً بعد ہی جائے واردات سے فرار ہوگیا۔مقامی لوگوں نے عبدالمجید کو شدید زخمی حالت میں ضلع اسپتال را م بن میں داخل کرایا جہاں سے اُسے مزید علاج و معالجہ کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا۔ مذکورہ شہری دوروز تک موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد 21نومبرمنگل کی شب اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر زندگی کی جنگ ہار گیا۔نذیر احمد کے خلاف آر پی سی کی دفعہ302کے تحت قتل کا کیس درج کرلیا گیا ۔پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزم کو گرفتار کرنے کیلئے مختلف علاقوں میں چھاپے ڈالے گئے لیکن اس کا کوئی اتہ پتہ نہیں ملا۔ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کی شام نذیر احمد کو ایک مصدقہ اطلاع کی بناء پر گنوٹ کے جنگلی علاقے سے حراست میں لیا گیا جہاں وہ گزشتہ ایک ہفتے سے چھپا بیٹھا تھا۔اس کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔